سندھ ہائی کورٹ کا گرین بیلٹ، فٹ پاتھ اورسروس روڈ اصل حالت میں بحال کرنے کا حکم

323
سندھ ہائی کورٹ کا گرین بیلٹ، فٹ پاتھ اورسروس روڈ اصل حالت میں بحال کرنے کا حکم

کراچی:سندھ ہائی کورٹ نے گرین بیلٹ، فٹ پاتھ اورسروس روڈ اصل حالت میں بحال کرنے کا حکم دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں الآصف اسکوائر کے سامنے بس اڈوں، گرین بیلٹ پر قائم تجاوزات سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔

جسٹس ندیم اختر کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے تحریری حکم نامہ جاری کیا جس میں حکم دیا گیا کہ گرین بیلٹ، فٹ پاتھ اور سروس روڈ کو اصل حالت میں بحال کیا جائے۔

عدالت نے تحریری حکم میں کہا کہ الآصف اسکوائر کے سامنے سے تمام تجاوزات 30 دن میں ختم کرائی جائیں۔

سندھ ہائی کورٹ نے آئی جی سندھ اور ڈی رینجرز کو انکروچمنٹ کے خاتمے کے لیے نفری کی موجودگی یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے تحریری حکم نامے میں کہا کہ آئی جی سندھ مذکورہ جگہ پر کمرشل گاڑیوں کی پارکنگ روکنے کے لیے ٹریفک پولیس اہلکار تعینات کریں۔

عدالت نے تحریری حکم نامے میں کہا کہ اینٹی انکروچمنٹ تجاوزات قائم کرنے والوں کے خلاف مقدمات درج کرے۔ عدالتی حکم پر عمل درآمد کراکہ آئی جی سندھ ، ڈی جی رینجرز اور ڈپٹی کمشنر شرقی رپورٹ پیش کریں۔

سندھ ہائی کورٹ نے ڈپٹی کمشنر شرقی کو آئندہ سماعت پر طلب کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 31 جنوری 2023 تک ملتوی کردی۔انجمن تاجران الآصف اسکوائر نے عدالت میں درخواست دائر کررکھی تھی۔

درخواست گزار کی جانب سے موقف پیش کیا گیا کہ ہماری دکانوں کے سامنے بسیں کھڑی کردی جاتی ہیں جس سے ہمارا کاروبار متاثرہوتا ہے۔ بس مالکان نے گرین بیلٹ اور فٹ پاتھ پر بھی قبضہ کررکھا ہے۔