سپریم کورٹ اِن ایکشن

497

12نومبر 2022 کو ہم نے ’’جوڈیشل کمیشن‘‘ کے عنوان سے کالم لکھا تھا، اُس میں کہا تھا: ’’ہمارے ہاں کوئی حادثہ یا سانحہ ہوجائے، سیاسی یا مذہبی گروہوں کا تصادم ہوجائے، کوئی مذہبی ہو، سیاسی ہو، سول سوسائٹی کا نمائندہ ہو یا عام آدمی ہو، سب کی طرف سے یہ مطالبہ سامنے آتا ہے کہ اس مسئلے پر ’’جوڈیشل کمیشن‘‘ بنایا جائے، چیف جسٹس آف پاکستان از خود نوٹس لیں اور ہمیں انصاف فراہم کریں، وغیرہ۔ حالانکہ آج تک کسی جوڈیشل کمیشن سے کسی کا مَن پسند نتیجہ برآمد نہیں ہوا، قومی معاملات کے بارے میں جو عدالتی کمیشن بنائے گئے، اُن کی رپورٹ کم ہی سامنے آئی ہے اور نہ اُس کے نتیجے میں کسی کو انصاف ملا ہے۔ سقوطِ مشرقی پاکستان پر حمود الرحمن کمیشن بنا، لیکن اس کے حقائق منظر ِ عام پر آئے اور نہ اس کی سفارشات پر کہیں عمل ہوتا ہوا نظر آیا، نیز اُس کی بابت جو کچھ رپورٹ ہوا، وہ بھی پہلے ہندوستان میں طبع ہوا اور پھر اُس کے مندرجات وقتاً فوقتاً پاکستان میں رپورٹ کیے گئے، اصل سرکاری مصدّقہ رپورٹ کبھی سامنے نہیں آئی۔ آدھے سے زیادہ ملک چلا گیا، لیکن نہ کوئی مجرم قرار پایا اور نہ کسی کو سزا ملی‘‘۔ اسی طرح ہم نے امریکیوں کی جانب سے فضائی آپریشن کے نتیجے میں اُسامہ بن لادن کے قتل کی تحقیقات کے لیے ایبٹ آباد کمیشن کا حوالہ دیا تھا، اس کی تحقیقات کی بابت جسٹس جاوید اقبال نے کافی عرصے تک دربار سجائے رکھا، درجنوں افراد کے انٹرویو ہوئے، لیکن اس کمیشن کی بھی کوئی رپورٹ منظر ِ عام آئی اور نہ اُس سے کچھ برآمد ہوا حتیٰ کہ قائدِ اعظم کے انتقال کے موقع پر جو بے احتیاطی برتی گئی، اُس کے بارے کوئی تحقیقات سامنے آئیں اورنہ لیاقت علی خان کی شہادت کے بارے میں کوئی رپورٹ منظر ِ عام پر آئی اور نہ کسی کو ان کا ذمے دار قرار دیا گیا، اسی طرح جنرل محمد ضیاء الحق
سمیت فوج کے کئی اعلیٰ افسران کی شہادت کا بھی کسی کو ذمے دار قرار نہیں دیا گیا، اوجڑی کیمپ سانحے کا بھی یہی حال ہوا۔
اب عدالت عظمیٰ پاکستان نے معروف صحافی ارشد شریف کے کینیا میں قتل کے حوالے سے ازخود نوٹس لے کرایک بنچ بنایا اور اُس کے نتیجے میں ایک جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم تشکیل دی ہے جو قتل کے ذمے داروں کی بابت تحقیقات کر کے عدالت عظمیٰ کو رپورٹ پیش کرے گی۔ حکومت ِ پاکستان نے پہلے ہی دو سینئر افسروں پر مشتمل ایک ’’فیکٹس فائنڈنگ کمیٹی‘‘ کینیا بھیجی تھی، پھر وہ متحدہ عرب امارات بھی گئی اور اُس نے 592صفحات پر مشتمل اپنی رپورٹ بھی عدالت عظمیٰ میں پیش کردی ہے، کہا جاتا ہے کہ یہ افسران اپنے شعبے میں قابل ہیں اور اچھی شہرت رکھتے ہیں۔ پھر عدالت عظمیٰ کی ہدایت پر ایف آئی آر بھی کاٹی گئی، اُس میں اُن دو افراد کو نامزد کیا گیا ہے، جو کینیا میں ارشد شریف کے میزبان تھے اور ویزے کا اہتمام بھی انہوں نے کیا تھا، عام طور پر ایف آئی آر وہاں درج کی جاتی ہے جہاں کوئی جرم سرزد ہوا ہے۔ یہ بھی سوال ہے کہ آیا ہماری حکومت یا عدالت عظمیٰ کو اتنی بالادستی حاصل ہے کہ وہ کینیا کی پولیس اور اداروں کو حقائق سامنے لانے اور تعاون پر مجبور کرسکے۔ کمیٹی کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کینیا پولیس نے تعاون کیا اور نہ ارشد شریف کے لیپ ٹاپ اور موبائل فون تک رسائی حاصل ہوسکی ہے۔ ارشد شریف مرحوم کی والدۂ محترمہ نے اپنی طرف سے عدالت عظمیٰ کو ایک درخواست دی ہے جس میں انہوں نے اپنے خیال کے مطابق بعض افراد کو ذمے دار قرار دیا ہے، لیکن ظاہر ہے کہ یہ محض دعویٰ ہے، کسی الزام کے ثبوت کے لیے موقع کی شہادت یا ٹھوس ثبوت وشواہد درکار ہوتے ہیں۔
لہٰذا ہمیں امید نہیں ہے کہ اس جے آئی ٹی کی تحقیقات سے کوئی ٹھوس نتیجہ برآمد ہوگا۔ ہمارے ہاں روش یہ ہے کہ میڈیا کسی ہائی پروفائل کیس کو چند دن نمایاں کرتا ہے، اُس پر میڈیا میں پروگرام ہوتے ہیں، لیکن کچھ وقت گزرنے کے بعد وہ بھولا بِسرا واقعہ بن جاتا ہے، کیونکہ میڈیا کو اپنی اسکرین کی رونقیں بحال رکھنے کے لیے نِت نئے اور تازہ واقعات درکار ہوتے ہیں۔ ہم ٹِکر کی حد تک عالمی میڈیا بھی وقتاً فوقتاً دیکھ لیتے ہیں، مثلاً: سی این این، بی بی سی، اسکائی ٹیلی ویژن وغیرہ، اس سے پہلے رشین ٹیلی ویژن بھی دیکھ لیا کرتے تھے، مگر روس یوکرین جنگ کی وجہ سے رشین ٹیلی ویژن ہمارے ہاں دکھائی نہیں دیتا۔
جس طرح ہمارے ہاں مختلف مقدمات کے حوالے سے ٹی وی چینلوں کی اسکرینوں پر عدالت عظمیٰ اور عدالت عالیہ کے عالی مرتبت جج صاحبان کے ریمارکس اور آبزرویشن پر مبنی ٹِکر چلتے ہیں، دنیا کے میڈیا میں ایسا نہیں ہوتا۔ ہمارے ہاں مسلّح افواج کے سربراہان، انٹیلی جنس اداروں کے سربراہان اور عدالت عظمیٰ کے جج صاحبان کے نام ہر ایک کو معلوم ہوتے ہیں، اُن کے فرمودات آئے روز ٹیلی ویژن چینلوں اور اخبارات کی زینت بنتے ہیں، دنیا میں بالعموم اس طرح نہیں ہوتا۔ اس روش سے شہرت کی ایک نفسیاتی خواہش پیدا ہوتی ہے اور یہ عدل کی روح کے منافی ہے، اس لیے مشہور مقولہ ہے: ’’جج نہیں بولتے، بلکہ اُن کے فیصلے بولتے ہیں‘‘، لیکن ہمارے ہاں فیصلوں سے زیادہ جج صاحبان خود بولتے ہیں، فیصلے متنازع بھی ہوتے رہتے ہیں اور ایک ہی جیسے کیس کے بارے میں دو متضاد فیصلے بھی سامنے آتے رہتے ہیں، جس سے یہ تاثر پیدا ہوتا ہے کہ اشخاص کی رعایت عدل کے تقاضوں پر غالب آجاتی ہے۔
قضا کا منصِب یقینا قابل ِ احترام ہے، اس کا احترام سب پر واجب ہے، لیکن عالی مرتبت جج صاحبان کا بھی اخلاقی اور منصبی فرض ہے کہ وہ اپنی عدالت میں پیش ہونے والوں کی شخصی توہین نہ کریں، اُن کو خود تو ’’قانونِ توہین ِ عدالت‘‘ کا تحفظ حاصل ہے، لیکن مُستدعی اور سائل کو ایسا کوئی تحفظ حاصل نہیں ہے۔ عدالت میں پیش ہونے والے بعض سرکاری اہلکار ہوتے ہیں، اگر اُن کی توہین کی جاتی رہے تو اُن کے ماتحتوں اور عام شہریوں کے ذہنوں میں نہ اُن کی کوئی وقعت رہے گی اور نہ کوئی رعب ودبدبہ، چنانچہ عدالت عالیہ سندھ میں آئی جی سندھ نے محترم جج صاحب سے کہا: ’’میرے ساتھ ایک ایس ایچ او والا برتائو نہ کریں، میں پورے صوبے کی پولیس کا سب سے بڑا افسر ہوں اور میرے منصب کا بھی احترام ہونا چاہیے‘‘۔ عدالت کو یہ حق تو حاصل ہے کہ ثبوت وشواہد کی روشنی میں جسے مجرم پائے، اُسے قرارِ واقعی سزا دے، لیکن اپنی عدالت میں آنے والوں کی توہین کا حق عدالت کو حاصل نہیں ہے۔
رسول اللہؐ نے تو فرمایا تھا: ’’ایک مسلمان کا سب کچھ دوسرے مسلمان پر حرام ہے، اس کی جان، اس کا مال اور اس کی آبرو‘‘۔ (مسلم) قرآنِ کریم میں آبرو کے تحفظ کے لیے ’’حدِقذف‘‘ کا حکم نازل ہوا، اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے: ’’اور جو لوگ پاک دامن عورتوں پر زنا کی تہمت لگائیں، پھر (اس کے ثبوت کے لیے) چار گواہ پیش نہ کرسکیں تو تم اُن کو اسّی کوڑے مارو اور (آئندہ) اُن کی گواہی کبھی بھی قبول نہ کرو اور یہی لوگ فاسق ہیں‘‘۔ (النور: 4)
ہمارے ہاں شہریوں کے وقار کے تحفظ کے لیے Defamation Law موجود ہے، ہم نے دسیوں ایسے اعلانات اور دعوے سنے ہیں، جن میں بعض حضرات نے اپنی توہین کے حوالے سے فریق ِ مخالف کے خلاف عدالت میں رجوع کیا، اپنی آبرو کے مجروح ہونے پر معاوضے کا مطالبہ کیا، لیکن ایسے مقدمات کے فیصلوں کی نوبت بہت کم آتی ہے، جبکہ برطانیہ کی عدالتوں میں ہم نے ایسے مقدمات کے فیصلے ہوتے دیکھے ہیں، دعویٰ یا الزام غلط ثابت ہونے پر مُدّعی کو معافی بھی مانگنی پڑتی ہے اور تاوان بھی دینا پڑتا ہے، اس لیے وہاں ہماری طرح اتنی کثرت سے ایک دوسرے پر الزامات یا توہین کے واقعات رونما نہیں ہوتے۔ ہمارے ہاں اگرچہ قوانین موجود ہیں، لیکن وہ بااثر لوگوں پر نافذ نہیں ہوتے، ایسے قوانین صرف قانون کی کتاب کی زینت بنتے ہیں۔
ضرورت اس امر کی ہے کہ لوگوں کی آبرو کے تحفظ کے لیے بنائے گئے قوانین کو سہل اور قابل ِ عمل بنایا جائے، ان مقدمات کے فیصلوں کے لیے زیادہ سے زیادہ مدت کا تعین کیا جائے، جج کو اس بات کا پابند بنایا جائے کہ وہ مقررہ مدت کے اندر فیصلہ دیں اور پھر ایسے فیصلوں کو نافذ بھی کیا جائے۔ آج کل آڈیو ؍وڈیو کلپ کثرت سے آرہے ہیں، ان کی بابت بھی قانون سازی ہونی چاہیے، ریاست کی ذمے داری ہے کہ ان کے فرانزک ٹیسٹ کا اہتمام کرے، ان کی حقیقت کو قبول کرے یا ردّ کرے اور اگر یہ درست ثابت ہوں تو انہیں ان کے منطقی انجام تک پہنچایا جائے۔ اگر اعظم سواتی کے معاملے ہی کو ٹیسٹ کیس کے طور پر لیا جاتا تو پروپیگنڈے کے امکانات کم ہوجاتے، حقائق سامنے آتے اور اگر کوئی ذمے دار قرار پاتا تو اُسے قرارِ واقعی سزا ملتی۔
سوشل میڈیا کے لیے بھی سخت قوانین کی ضرورت ہے، اُن کے نفاذ کا طریقۂ کار بھی سہل اور قابل ِ عمل ہونا چاہیے، سوشل میڈیا پر صرف لوگوں کی شخصی توہین ہی نہیں ہورہی، بلکہ دینی مقدّسات کی توہین کے لیے بھی سوشل میڈیا کو استعمال کیا جارہا ہے، اس کے لیے سخت گیر قوانین کی ضرورت ہے۔ ہمارے ملک میں یہ بات انتہائی ندامت اور اذیت کا باعث ہے کہ عدالت عظمیٰ اور عدالت عالیہ کے معزز جج صاحبان اور مقتدر اداروں کے اعلیٰ افسران کی اہانت پر تو کارروائی ہو، سزا ملے، لیکن اللہ تعالیٰ، اُس کے رسولِ مکرّمؐ، قرآنِ کریم، اُمّہات المومنین، اہل ِ بیت ِ اطہار، صحابہ ٔ کرام اوردیگر مقدّساتِ دین کی عَلانیہ توہین کی جائے تو اُس پر نہ کوئی کارروائی ہو، نہ کسی کو سزا ملے، بلکہ ایف آر کاٹنا بھی عملاً ناممکن بنادیا جائے۔
بات تلخ ہے لیکن درست ہے کہ 2017 اور اس کے بعد عدالت عظمیٰ سے فیصلوں میں بے اعتدالیاں ہوئیں، یہ الزام لگا کہ مقتدرہ عدلیہ کو استعمال کر رہی ہے، پھر جب کوئی مقتدر کسی ادارے کو اُس کی حدود سے ماورا استعمال کرے، تو وہ ادارہ ازخود بھی بہت سی بے اعتدالیاں کرنے لگتا ہے، جسٹس شوکت عزیز صدیقی کے الزامات کی آج تک تصدیق نہیں کی گئی، بعض مقدمات کے لیے راتوں کو اور چھٹی کے دن بھی عدالتیں کھلتی رہیں اور بعض مقدمات انھی عدالتوں کی فائلوں میں دبے ہوئے ہیں، قاسم سوری کی نا اہلی کا فیصلہ اس کی واضح مثال ہے اور فیصل واوڈا کا جو فیصلہ آیا ہے، وہ بوالعجبی کا ایک عظیم شاہکار ہے، خان صاحب اور نواز شریف، نہال ہاشمی، طلال چودھری اور دانیال عزیز کے فیصلوں کا تقابل چودہ طبق روشن کردیتا ہے۔