معاشی حالات خطرناک اور حکومت چین کی نیند سو رہی ہے، مرکزی تنظیم تاجران

519

اسلام آباد: مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے صدر محمد کاشف چودھری نے کہا ہے کہ وطن عزیز کے معاشی حالات دن بدن خطرناک ہوتے جا رہے ہیں اورحکومت چین کی نیند سو رہی ہے ۔

ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بد ترین معاشی حالات کی وجہ سے کوئی سرمایہ کاری کرنے کو تیار نہیں اور عوام نے بینکوں سے پیسہ نکالا شروع کر دیا ہے ۔ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومتی اتحاد،اپوزیشن مل بیٹھ کر ملک کو معاشی گرداب سے نکالے کے لیے سنجیدہ اقدامات اٹھائے ۔ ملک بھر کے تاجر اس نازک صورتحال کے دوران ہر ممکن تعاون اور اپنا ان پٹ دینے کو تیار ہیں۔

محمد کاشف چودھری نے کہا کہ وطن عزیز کے معاشی حالات کو سری لنکا سے تعبیر کیا جاتا تھا اور اج پاکستان کے معاشی حالات حقیقت میں  سری لنکا جیسے ہو نے کو ہیں ۔ ملکی زرمبادلہ کے ذخائر خطرناک حد تک گر چکے ہیں اور صرف دوست ممالک کی جانب سے فراہم کردہ رقوم ہی خزانے میں پڑی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کے پاس بیرون ممالک قائم پاکستانی سفارتخانوں کے ملازمین کو تنخواہیں دینے کو پیسے نہیں ،ملک میں ڈالر ناپید ہوتے جا رہے ہیں اور سیاست دان آپس کی لڑائی میں مصروف ہیں اور حکومتی اتحاد اور اپوزیشن الزام در الزام کی سیاست کر رہی ہے اور نقصان وطن عزیز کو اٹھانا پڑ رہا ہے۔

خطرناک معاشی حالات میں سیاست دانوں کو ہوش کے ناخن لینے چاہییں اور معاشی بحالی کے طویل المدتی اور قلیل المدتی اقدامات اٹھانے چاہییں ہم نے پہلے بھی اپنی خدمات دینے کی آفر کی اور ہم اج بھی وطن عزیز کے وسیع تر مفاد میں ملک کو معاشی گرداب سے نکالنے کے لیے ریاست کا ساتھ دینے کے لیے تیار ییں۔