ڈی آئی خان: سیکورٹی فورسز اور سی ٹی ڈی ڈیرہ اسماعیل خان کی ایک مشترکہ کارروائی میں فائرنگ کے تبادلے کے دوران کالعدم تنظیم ٹی ٹی پی گنڈاپور کا سرگرم دہشت گرد مارا گیا۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کی آپریشن ٹیم اور حساس ادارے نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پردہشت گردوں کے خلاف تحصیل کلاچی کے علاقہ مڈی میں مشترکہ آپریشن کیا۔کارروائی کے دوران دہشت گردوں نے فائرنگ شروع کردی۔
فورسز نے بھی دفاع میں جوابی فائرنگ کی، جس سے ایک دہشت گرد ہلاک ہوگیا، جس کی شناخت غفور احمدولد خان زمان سکنہ مانجھی خیل ضلع ٹانک سے ہوئی۔ ہلاک دہشت گرد کے قبضے سے ایک پستول نائن ایم ایم بور،4 ہینڈ گرینیڈ اور ایک موٹر سائیکل برآمد ہوئی۔
دہشت گرد سی ٹی ڈی ڈیرہ اسماعیل خان ریجن کوپولیس موبائل پر حملوں، بم دھماکوں اور سیکورٹی فورسز پر حملوں میں مطلوب تھا۔
دوسری جانب سی ٹی ڈی کی ایک اور کارروائی میں کالعدم تنظیم ٹی ٹی پی سجنا محسود گروپ کا سرگرم دہشت گرد گل یوسف ولد شاہ جا عالم گرفتار ہوگیا۔دہشت گرد کرنل مجیب الرحمن ،کیپٹن سکندر سہیل کو شہید کرنے سمیت کلاچی پولیس موبائل پر دھماکا کرنے ،بھتہ خوری اور دہشت گردی کے کئی مقدمات میں مطلوب تھا۔
دہشت گرد کوجدید اور تکنیکی ذرائع استعمال کرکے خرگئی چیک پوسٹ ضلع ٹانک کے مقام سے گرفتار کیا گیا۔