راولپنڈی: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ریاست کی رٹ ہر قیمت پر قائم کی جائے گی۔
سی ایم ایچ اسپتال راولپنڈی کے دورے کے موقع پر بنوں آپریشن میں زخمی افسران اور جوانوں کی عیادت کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ شہدا اور ان کے اہل خانہ نےقوم کے تحفظ اور سلامتی کے لیے بیش بہا قربانیاں دی ہیں۔ ہم ہر قسم کی دہشت گردی سے لڑنے کے لیے پرعزم ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقا ت عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ دہشت گردوں، ان کے حامیوں اور ہمدردوں کے درمیان ناپاک گٹھ جوڑ توڑ دیں گے۔ پرامن اور مستحکم ماحول کے قیام تک کوششیں جاری رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ریاست کی رٹ ہر قیمت پر قائم رکھی جائے گی۔ کسی کو بھی قربانیوں سے حاصل ہونے والے امن کو تباہ نہیں کرنے دیں گے۔