نیپال کی سپریم کورٹ نے بدنام زمانہ سریل کلر چارلس سوبھراج کی رہائی کا حکم دے دیا

584

کھٹمنڈو: نیپال کی سپریم کورٹ نے بدنام زمانہ سریل کلر چارلس سوبھراج کی رہائی کا حکم دے دیا۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق نیپالی عدالت نے 78سالہ بدنام زمانہ مجرم چارلس سوبھراج کو بڑھتی عمر اور صحت کی خرابی کے باعث رہا کرنے کا حکم دیا،چارلس سوبھراج عارضہ قلب میں مبتلا ہے اور اسے اوپن ہارٹ سرجری کی ضرورت ہے۔

عدالتی ترجمان کے مطابق نیپالی سپریم کورٹ کی دور رکنی بینچ نے چارلس سوبھراج کو رہائی کے 15 دن کے اندر ملک سے ڈی پورٹ کرنے کا بھی حکم دیا،چارلس سوبھراج نیپال کی جیل میں 19سال سے 1975میں دو سیاحوں کے قتل پر عمر قید کی سزا کاٹ رہا ہے۔

چارلس سوبھراج سے متعلق سیکڑوں مبینہ کیسز تاحل حل نہیں ہوسکے ہیں، سائیگون میں پیدا ہونے والے چارلس سوبھراج نے پاکستان، بھارت، نیپال ،ترکی ،ایران اور دیگرکئی ممالک میں جرائم کیے،چارلس سوبھراج مختلف ملکوں میں گرفتار بھی ہوا لیکن ہربار وہ جیل سے فرار ہونے میں کامیاب ہوا۔

سوبھراج کی جیل حکام کو دھوکہ دے کر فرارہونے کی صلاحیت نے اسے عالمی شہرت دلائی، چارلس سوبھراج کی زندگی پر ایک ٹی وی سیریز دی سرپنٹ بھی بنائی گئی تھی، چارلس سوبھراج نے ایک انٹرویو میں 1972سے 1976کے دوران متعدد لوگوں کے قتل کا اعتراف کیا تھا تاہم بعد میں وہ اپنے بیان سے مکر گیا تھا۔