پشاور:تھانہ شاہ پور پولیس نے کارروائی کے دوران شہر کے نواحی اور اطراف کے علاقوں میں منشیات سپلائی کرنے والے ڈیلروں کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق تھانہ شاہ پورپو لیس کو اطلاع ملی تھی کہ نواحی اور متصل و رہائشی علاقوں میں مخصوص گاہک کو منشیات سپلائی کرنے کی کوشش کی جائیگی جس پر ایس ایچ اوتھانہ شاہ پور عبدالعلی خان نے دیگر نفری پولیس کے ہمراہ نادرن بائی پاس پر ناکہ بندی کے دوران ملزمان کے قبضے سے7کلو گرام سے زائد چرس اور 350گرام سے زائد آئس برآمد کرلی۔
کارروائی کے دوران ملزمان حسنین اور اصغر کو گرفتار کرلیا۔گرفتار ملزمان نواحی علاقوں کے رہائشی ہیں جوکہ مخصوص گاہکوں سے موبائل پر آرڈر حاصل کرکے ان کو موٹرکار کے ذریعے منشیات سپلائی کرنے میں ملوث ہیں جن کا تعلق منظم منشیات ڈیلرز گروہ سے ہے۔ گرفتار ملزمان نے ابتدائی تفتیش کے دوران منشیات کے مکروہ دھندے میںملوث ہونے کا اعتراف کرلیا جن کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی گئی ۔