وزیر اعظم شہباز شریف اور تاجک صدر کی ملاقات، بجلی منصوبے سمیت کئی معاہدوں پردستخط

247
agreements

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف سے پاکستان کے دورہ پر آئے ہوئے تاجکستان کے صدر امام علی رحمان نے وزیر اعظم ہاؤس اسلام آباد میں ون آن ون ملاقات کی۔ دوطرفہ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے معاملات اور علاقائی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔جبکہ دونوں ممالک کے درمیان کئی معاہدوں پر بھی دستخط کئے گئے۔

معاہدوں پر دستخط کے بعد مشترکی پریس کانفرنس میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ تاجک صدر کو دورۂ پاکستان پر خوش آمدید کہتے ہیں، تاجک صدر کے دورے سے پاکستانی عوام خوش ہیں، ان کا دورۂ پاکستان ہمارے لئے باعث فخر ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان اور تاجکستان کے دیرینہ تعلقات ہیں، مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے فروغ کیلئے کوشاں ہیں، تاجکستان وسط ایشیا کا اہم ملک ہے، بجلی کے کاسا 1000 منصوبے کی جلد تکمیل کے خواہشمند ہیں۔

تاجک صدر امام علی رحمان کا اس موقع پر کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کا مزید فروغ چاہتے ہیں، تاجکستان پاکستان کیساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے، پاکستان اور تاجکستان کے تعلقات تاریخی نوعیت کے ہیں، پاکستان اور تاجکستان یک جان دو قالب ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کاسا 1000 سمیت دوسرے منصوبوں کی جلد تکمیل کیلئے کوشاں ہیں، پاکستان کے ساتھ ملکر دہشتگردی سمیت دیگر چیلنجز سے نمٹیں گے، افغانستان میں امن و استحکام کیلئے پاکستان کیساتھ ملکر کام کرینگے۔