توقع ہے جے آئی ٹی ارشد شریف قتل کیس میں دلجوئی سے کام کرے گی، عدالت عظمیٰ

629

اسلام آباد: عدالت عظمیٰ نے ارشد شریف از خود نوٹس سے متعلق حکم نامہ جاری کردیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ امید ہے اسپیشل جوائنٹ انویسٹی گیشن دلجوئی سے کام کرے گی۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق 8 دسمبر کو ہونے والی سماعت کے تحریری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ ارشد شریف قتل کیس کی تحقیقات میں پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے سماعت آئندہ ماہ (جنوری) کے پہلے ہفتے تک ملتوی کی گئی ہے۔سماعت میں ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے ارشد شریف قتل کیس کے لیے بنائی گئی خصوصی تحقیقاتی کمیٹی کا نوٹیفیکیشن پیش کیا۔

حکم نامے کے مطابق جے آئی ٹی کی معاونت کے لیے ایس ایس پی انویسٹیگیشن کی سربراہی اور ایس ایچ او تھانہ رمنا سمیت افسران پر مشتمل ٹیم بھی ہوگی۔ وزارت خارجہ نے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کی نیروبی میں معاونت کے حوالے سے رپورٹ عدالت میں جمع کروائی ہے جس میں  مزید سفارتی اقدامات بارے بھی بتایا گیا ہے۔

عدالتی حکم نامے کے مطابق ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو اسپیشل جے آئی ٹی کی معاونت سے متعلق آگاہ کیا۔ توقع ہے مختلف ممالک سے شواہد اور بیانات اکٹھے کرنے کے کے لیے جے آئی ٹی دلجوئی سے کام کرے گی۔

سپریم کورٹ نے حکم نامے میں لکھا کہ تحقیقات کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے کیس جنوری کے پہلے ہفتے تک ملتوی کیا جا رہا ہے، کسی بھی مشکل یا رکاوٹ آنے پر ٹیم براہ راست چیف جسٹس آفس کو تحریری طور پر آگاہ کرے گی۔ توقع ہے جے آئی ٹی تحقیقات سے متعلق عبوری رپورٹس بھی وقتاً فوقتاً ان چیمبرز جمع کروائے گی۔ پہلی عبوری رپورٹ آئندہ سماعت سے پہلے جمع کروائی جائے گی۔