آزاد کشمیر میں بلدیاتی انتخابات کے تیسرے مرحلے کے ابتدائی نتائج

1194

مظفر آباد: آزاد کشمیر میں بلدیاتی انتخابات کے تیسرے مرحلے میں میرپور ڈویژن میں پولنگ کے بعد ووٹوں کی گنتی جاری ہے، تاہم ابتدائی طور پر غیر سرکاری غیر حتمی نتائج میڈیا کو موصول ہونا شروع ہو گئے ہیں۔

میڈیا ذرائع کے مطابق میرپور ڈویژن کے 3 اضلاع میرپور، بھمبر اور کوٹلی میں ووٹ ڈالے گئے، جہاں  پولنگ بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہی۔غیرحتمی و غیرسرکاری نتائج کے مطابق ضلع میرپور کی میونسپل کارپوریشن کے وارڈ نمبر 28  میں مسلم لیگ ن کے راجا عمران 326 ووٹ لےکر کامیاب ہوگئے جب کہ تحریک انصاف کے امیدوار افتخار خادم کو 150ووٹ ملے۔

ضلع کوٹلی کی ٹاؤن کمیٹی کھوئی رٹہ کے وارڈ نمبر1 سے ن لیگ کے امیدوار راجا قیصر 292 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے جب کہ آزاد امیدوار راجا ظہراسلم 127 ووٹ لےکردوسرے نمبرپر رہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق میرپور ڈویژن میں کل ووٹرز کی تعداد 12 لاکھ 38 ہزار سے زائد ہے جب کہ 222 پولنگ اسٹیشن حساس ترین قرار دیے گئے ہیں۔