سندھ ہائی کورٹ: جرمانہ ادا نہ کرنے پر ڈی جی کے ڈی اے کو نوٹس جاری

522

کراچی:سندھ ہائی کورٹ نے ایک لاکھ روپے جرمانہ ادا نہ کرنے پر ڈی جی کے ڈی اے کو شوکازنوٹس جاری کرتے ہوئے جرمانے میں مزید ایک لاکھ روپے کا اضافہ کردیا۔

سندھ ہائی کورٹ میں گلستان جوہر بلاک تین میں پلاٹ تنازعے اور زمینوں پر قبضے سے متعلق مختلف درخواستوں کی سماعت ہوئی۔ ڈی جی کے ڈی اے کو ایک لاکھ روپے جرمانہ ادا نہ کرنا بھاری پڑ گیا۔

 عدالت نے ڈی جی کے ڈی اے کو شوکاز نوٹس جاری کردیا۔ عدالت نے جرمانے کی رقم میں مزید ایک لاکھ روپے کا بھی اضافہ کردیا۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ڈی جی کے ڈی اے 19 دسمبر 11 بجے خود پیش ہوں۔

 ڈی جی کے ڈی اے بتائیں، کیوں نہ ان کیخلاف کارروائی کی جائے۔ ڈی جی کے ڈی اے 2 لاکھ روپے جرمانہ بھی ادا کریں۔ جسٹس ندیم اختر نے کے ڈی اے کے وکیل سے استفسار کیا کہ کہاں ہیں عدالتی فیصلے پر عمل درآمد؟

کے ڈی اے کے وکیل نے موقف دیا کہ ڈائریکٹر لینڈ کو عمل درآمد کے لیے کہا مگر عمل درآمد نہیں کیا گیا۔ ڈائریکٹر لینڈ کو بلا لیا جائے۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ براہ راست ڈی جی کے ڈی اے کو طلب کریں گے۔

خیال رہے کہ کے ڈی اے افسران کے خلاف تحقیقات کے لیے عائشہ بیگم نے درخواست دائر کر رکھی ہے۔