پاکستان کا آئین خواتین کو تعلیم کے مساوی حق کو تسلیم کرتا ہے ، بلاول بھٹو 

286

 بالی : چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی ووزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ افغانستان میں خواتین کی تعلیم سے متعلق کانفرنس میں شرکت میرے لئے خوشی کی بات ہے ، پاکستان کا آئین خواتین کو تعلیم کے مساوی حق کو تسلیم کرتا ہے ، ہمارا یقین ہے کہ خواتین تعلیم میں سرمایہ کاری قوم کے مستقبل میں سرمایہ کاری ہے ، کوئی بھی قوم قانونی ، سیاسی ، سماجی ، معاشی اور فیصلہ سازی کے عمل میں خواتین کے بغیر ترقی نہیں کرسکتی۔

جمعرات کے روز انڈونیشیا کےشہر بالی میں افغان خواتین کی تعلیم سے متعلق عالمی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کو شہید بے نظیر بھٹوجیسی بااختیار خواتین کے پیدا ہونے پر فخر ہے ، پاکستان میں ہزاروں افغان خواتین زیرتعلیم ہیں ۔

ان کا کہنا تھا کہ معاشرے کو ایک ایسے قابل ماحول کو فروغ دینے کی ضرورت ہے جو خواتین کو بااختیار بنائے ہم نے عبوری افغان حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ خواتین سمیت افغانستان کے تمام لوگوں کو حقوق دے ، گزشتہ 40 سال میں پاکسانی عوام نے افغان بھائیوں کیلئے اپنے گھر اور دل کھولے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے حال ہی میں افغان طلباءکیلئے ”علامہ اقبال “وظائف کا اعلان کیا ہے ، آنے والے دنوں میں ان اسکالر شپس کو مزید وسعت دی جائیگی ، پاکستان افغان خواتین اساتذہ کو بھی تربیت دینا چاہتا ہے ، تاکہ افغان لڑکیوں کی تعلیم بلا تعطل جاری رہے ، افغانستان کا ہمسایہ اور دوست ہونے کے ناطے پاکستان اپنا کردار ادا کرتا رہے گا ۔

ان کا کہنا تھا کہ سچ کی سیاست سے جھوٹ کی سیاست ختم ہوجائے گی ، نئی نسل کو اکیسویں صدی کی جمہوریت کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے اٹھنا ہوگا ، بانی جمہوریت فورم میں پاکستان کی نمائندگی پر فخر ہے ، دنیا میں ترقی کیلئے تعلیم کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا ۔