کوئٹہ: پی ڈی ایم اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ہم قانون اور آئین کے دائرے میں رہ کر جدوجہد کر رہے ہیں، امریکا، یورپ سے کہتے ہیں دوستی کریں گے لیکن غلامی قبول نہیں۔
مولانا فضل الرحمان کاکوئٹہ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ آج جمعیت علما اسلام کے لیے خوشی کا دن ہے، بلوچستان کی ایک ممتاز شخصیت نے جے یوآئی میں باقاعدہ شمولیت کا اعلان کیا، نواب اسلم رئیسانی کو خوش آمدید کہتا ہوں۔
ان کا کہنا تھاکہ بلوچستان رقبے کے لحاظ سے سب سے بڑا صوبہ ہے، بلوچستان میں مسائل کے انبار ہیں، صوبہ میں میں وسائل ہیں لیکن اس پر یہاں کے عوام کا اختیار نہیں ہے، ہم یہاں کے لوگوں کو بلوچستان کا مالک سمجھتے ہیں۔
سربراہ پی ڈی ایم کا کہنا تھا کہ عالمی قوتیں ہمارے اختیار پر قبضہ اور معاملات میں مداخلت کرتی ہیں، پارلیمنٹ اور حکومتیں بنے تو ان کی مرضی کے مطابق، باہر کی قوتوں کی مداخلت کو پاکستان سے نکالنا ہے، یہ آسان کام نہیں ہے، ہم قانون اور آئین کے دائرے میں رہ کر جدوجہد کر رہے ہیں۔