رواں برس لاہور میں پولیو وائرس کی چوتھی مرتبہ تصدیق

479

لاہور :نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر نے لاہور اور ڈیرہ اسماعیل خان کے ماحولیاتی نمونوں میں ٹائپ ون وائلڈپولیووائرس کی تصدیق کردی ہے۔ 

نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (این ای او سی )کے مطابق لاہور سے 17 اور ڈیرہ اسماعیل خان نے 19 نومبر کو نمونے حاصل کئے گئے، ان نمونوں کو جانچ کے لئے پاکستان نیشنل پولیو لیبارٹری بھجوایا گیا تھا۔ 

این ای او سی کے مطابق دونوں شہروں میں ٹائپ ون وائلڈ پولیو وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہوئی ہے۔ رواں سال لاہور سے وائلڈ پولیو وائرس کی تصدیق کا یہ چوتھا جب کہ ڈی آئی خان سے پہلا مثبت نمونہ ہے تاہم ماحولیاتی نمونوں کی جینیاتی ترتیب کے نتائج کا انتظارہے۔ 

این ای او سی کا کہنا ہے کہ ٹائپ ون وائلڈ پولیو وائرس افغانستان اور پاکستان میں پایا جاتا ہے، بہت تیزی سے پھیلنے والا وائرس ہے۔ دنیا میں پاکستان اور افغانستان ہی 2 ملک ہیں جہاں اب تک پولیو پر قابو نہیں پایا جاسکا۔ رواں برس بھی ملک میں پولیو کے کئی کیسز ریکارڈ سامنے آچکے ہیں۔