نئی دہلی: بھارت میں نوجوان نے زمین کے تنازع پر اپنے چچازاد کو قتل کرکے سر قلم کردیا جب کہ قاتل کے دوست کٹے ہوئے سر کے ساتھ سیلفیاں بناتے رہے۔
بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق اندوہناک واردات بھارتی ریاست جھاڑکھنڈ کے ضلع کھنوتی میں پیش آئی جہاں ساگر مُنڈا نامی شخص نے دوستوں کے ساتھ مل کر اپنے کزن کو اغوا کرکے قتل کردیا۔
پولیس نے مقتول کے والد کی مدعیت میں قتل کا مقدمہ درج کرلیا، جس میں کہا گیا ہے کہ بیٹا کانو مُنڈا اپنے گھر میں اکیلا تھا جبکہ گھر کے دیگر افراد کھیتوں میں کام کے لیے گئے ہوئے تھے۔ گھر واپس آنے پر گاؤں والوں نے بتایا کہ ان کے بیٹے کو ان کے بھتیجے ساگر مُنڈا نے دوستوں کے ساتھ مل کر اغوا کر لیا۔
پولیس نے مرکزی ملزم اور اس کی اہلیہ سمیت 6 افراد کو گرفتار کیا تو انکشاف ہوا کہ ملزمان نے کانو منڈا کو قتل کردیا ہے۔ پولیس کو مقتول کا دھڑ کومانگ گوپلا جنگل سے جبکہ اس کا سَر 15 کلومیٹر دور دُلوا تنگری کے علاقے سے ملا، قتل کے بعد ملزمان کٹے ہوئے سر کے ساتھ سیلفیاں بھی بناتے رہے۔