مظفر آباد: آزادکشمیر کے ڈویژن میرپور میں بلدیاتی انتخابات کے تیسرے مرحلہ کا اعلان ہوگیا، جس کے مطابق الیکشن جمعرات 8 دسمبر کو ہوں گے۔
ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ امجد اقبال کی جانب سے جاری کردہ ہدایت نامے کے مطابق 7 اور 8 دسمبرکوغیر متعلقہ افراد کے میرپور میں داخلے پر پابندی ہوگی۔ کسی سیاح اور غیر متعلقہ افراد کو بغیر کسی جواز کے داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی جب کہ خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق یہ فیصلہ امن و امان کو برقرار رکھنے کے پیش نظر کیاگیا ہے۔ واضح رہے کہ میرپور ڈویژن میں جاری انتخابی مہم گزشتہ شب 12 بجے ختم کر دی گئی ہے۔
میرپورڈویژن پر مشتمل 3 اضلاع میرپور ، بھمبر اور کوٹلی میں میں کل ووٹرز کی تعداد 1238049 ہے جس میں 655550 مرد اور 582499 خواتین ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔