اسلام آباد چیف جسٹس آف پاکستان نے کینیا میں قتل کیے جانے والے سینیئر صحافی ارشد شریف قتل کے معاملے کا ازخود نوٹس لے لیا۔
چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں 5 رکنی لارجر بینچ ارشد شریف قتل کیس میں ازخود نوٹس کی سماعت کرے گا۔ واضح رہے کہ ارشد شریف کے کینیا میں قتل کے واقعے کے بعد سے سپریم کورٹ کا انسانی حقوق سیل معاملے کی تحقیقات کر رہا تھا۔
عدالت نے سیکرٹری داخلہ، خارجہ، اطلاعات سمیت ڈی جی ایف آئی اے، ڈی جی آئی بی اور پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹ کےصدر کو نوٹس جاری کردیے۔
سپریم کورٹ کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں صحافیوں اور عوام میں ارشد شریف کے قتل پر شدید تشویش اور غم و غصہ تھا۔ ملک بھر کے عوام کی جانب سے ارشد شریف کے قتل کی تحقیقات کا مطالبہ کیا جا رہا تھا۔