وزیراعظم کی زیرصدارت ہنگامی اجلاس، پنجاب اسمبلی کی تحلیل روکنے پر مشاورت

344

لاہور: وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت مسلم لیگ ن کا ہنگامی اجلاس ہوا، جس میں پی ٹی آئی کی جانب سے ممکنہ طور پر پنجاب اسمبلی کی تحلیل روکنے کے سلسلے میں مشاورت کی گئی۔

ماڈل ٹاؤن میں ہونے والے اہم اجلاس میں وفاقی وزرا، سینئر لیگی رہنما، وزیراعظم کے معاونین خصوصی اور اراکین پنجاب اسمبلی شریک ہوئے۔اجلاس میں پنجاب اسمبلی کی ممکنہ تحلیل روکنے کے معاملے پر مشاورت کی گئی۔  وزیراعظم نے اجلاس کے شرکا کو پارٹی قائد نواز شریف کی زیرصدارت ہونے والے ورچوئل اجلاس کی سفارشات کے حوالے سے شرکا کو آگاہ کیا۔

ہنگامی اجلاس میں وزیر اعظم کو پنجاب اسمبلی میں نمبر گیم سے متعلق بریفنگ دی گئی جبکہ گورنر راج کے نفاذ حوالے سے بھی تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔ اس موقع پر شہباز شریف کو ناراض پی ٹی آئی اراکین سے رابطوں کے سلسلے میں آگاہی دی گئی۔

وزیر اعظم کی زیر صدارت ہنگامی اجلاس میں تحریک عدم اعتماد، اعتماد کا ووٹ لینے اور گورنر راج کے نفاذ سمیت تمام ممکنہ قانونی و آئینی آپشنز پر مشاورت کی گئی۔