اعظم سواتی کی گرفتاری کیخلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر

342

لاہور: تحریکِ انصاف کی رہنما یاسمین راشد نے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں اعظم سواتی کی گرفتاری کے خلاف درخواست جمع کرا دی۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ اعظم سواتی کی گرفتاری غیر قانونی ہے، ان کو سیاسی بنیادوں پر گرفتار کیا گیا ہے۔درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ اعظم سواتی کی گرفتاری پر ذمے داروں کے خلاف کارروائی کی جائے، اعظم سواتی کے خاندان پر ظلم ہوا ہے جس کا از خود نوٹس لیا جائے۔

یاسمین راشد نے درخواست سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں جمع کرانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمٰن کے خلاف بھی ایک پٹیشن دائر کروں گی، رانا ثنا نے خواتین کے ساتھ جو سلوک رکھا ہے، اس پر تمام خواتین احتجاج کریں گی، ہمیں امید ہے کہ چیف جسٹس پاکستان ہمیں انصاف دیں گے۔

 پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ پاکستان کے حالات روز بروز خراب ہوتے جا رہے ہیں، چادر اور چار دیواری کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے، ملک ڈیفالٹ ہو رہا ہے، معیشت تباہ ہو گئی ہے، عمران خان نے اسمبلی تحلیل کرنے کی بات کی تو ان کا برا حال ہو گیا۔