میں عنقریب گمنامی میں چلا جاؤں گا لیکن روحانی رابطہ فوج سے قائم رہے گا ،سابق آرمی چیف

378

راولپنڈی: سابق آرمی چیف جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ میں عنقریب گمنامی میں چلا جاؤں گا لیکن روحانی رابطہ فوج سے قائم رہے گا، فوج کی کامیابی پر خوشی ہوگی، جب فوج پر مشکل وقت آئے گا تو میری دعائیں پاک فوج کے ساتھ رہیں گی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سبکدوش ہونے والے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے نئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو مبارکبادی دی ہے ،انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے ساتھ عمر بھر کی رفاقت کی تکمیل کے موقع پر اللہ کا شکر گزار ہوں کہ اس نے مجھے اس عظیم فوج میں ملازمت کا موقع دیا اور ایک بامقصد زندگی عطا کی۔

جنرل باجوہ کا کہنا تھا کہ نئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کیلئے دعاگوہوں، ان کی تعیناتی ملک و فوج کیلئے مثبت ثابت ہوگی، ان سے میری رفاقت 24 سال پرانی ہے، انہیں سپہ سالار بننے پر مبارکباد پیش کرتاہوں، وہ حافظ قرآن ہونے کیساتھ کیساتھ باصلاحیت افسر بھی ہیں، ان کی قیادت میں فوج کامیابی کی نئی منازل عبور کرے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ آج سے 44 سال پہلے میرا فوجی سفر شروع ہوا جو اختتام پذیر ہورہا ہے، اللہ کا شکر ہے اس بہادر اور عظیم فوج میں نوکری کا موقع دیا اور اس کی کمان کی جو اعزاز کی بات ہے، 6 سالہ دور میں ایل او سی کے معاملات، دہشتگردی، امن و امان یا قدرتی آفات کا مقابلہ ہو، اس فوج نے ہمیشہ میری آواز پر لبیک کہا، میں نے ان سے جہاں پسینہ مانگا انہوں نے خون دیا، ان کی اسی قربانیوں کی وجہ سے آج ملک امن کا گہوارہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ فوج نے ہمیشہ میری آواز پر لبیک کہا ہے،اللہ کا شکر گزار ہوں جس نے اس عظیم فوج میں خدمات کا موقع دیا۔