ٹی ٹی پی نے جنگ بندی معاہدہ ختم کرنے کا اعلان کردیا

302

اسلام آباد: کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے حکومت کے ساتھ جون میں طے پانے والے جنگ بندی کا معاہدہ ختم کرنے کا اعلان کردیا۔ ساتھ ہی تنظیم نے اپنے عسکریت پسندوں کو ملک بھر میں دہشت گردانہ حملے کرنے کی ہدایت بھی کردی ہے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے اس سلسلے میں اعلامیہ جاری کیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ ہم نے مسلسل صبر کا مظاہرہ کیا تاکہ مذاکراتی عمل سبوتاژ نہ ہو لیکن فوج اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کی جانب سے حملے جاری ہیں، لہٰذا اب ہماری جوابی کارروائیاں بھی ملک بھر میں شروع ہو جائیں گی۔

کالعدم تنظیم کی جانب سے یہ دعویٰ بھی کیا گیا ہے کہ سیکورٹی فورسز کی جانب سے اس کے عسکریت پسندوں کے خلاف کارروائیاں تسلسل سے جاری ہیں اور ہمارے صبر کے باوجود حملے روکے نہیں جا رہے۔رپورٹ کے مطابق تنظیم نے اپنے بیان کے ذریعے عسکریت پسندوں پر زور دیا ہے کہ آپ کو جہاں بھی موقع ملے، حملے کے لیے آگے بڑھیں۔