پی ٹی آئی کا پاور شو راولپنڈی میں جاری، عمران خان بھی پہنچ گئے

497
protest

راولپنڈی: تحریک انصاف آج راولپنڈی میں اپنی سیاسی طاقت کا بھرپور مظاہرہ کررہی ہے۔ انتہائی سخت ترین سیکورٹی کے دوران جلسہ گاہ میں ملک سے پہنچنے والے کارکنوں کی بڑی تعداد راولپنڈی میں موجود ہے جب کہ عمران خان کا ہیلی کاپٹر بھی جلسہ گاہ میں لینڈ کر چکا ہے۔

خبر رساں اداروں کے مطابق پی ٹی آئی کا جلسہ فیض آباد کے قریب طے تھا، تاہم گزشتہ روز انتظامیہ کی جانب سے شرائط پر عمل نہ کیے جانے پر جلسے کی جگہ تبدیل کرنے کی تجویز دی گئی تھی، جس کے بعد پی ٹی آئی کے منتظمین نے جلسے کا مقام فیض آباد کے مقام رحمن آباد منتقل کرکے بڑا اسٹیج تیار کیا تھا۔

ذرائع کے مطابق ملک کے طول و عرض سے تحریک انصاف کے کارکنوں کی بڑی تعداد سیاسی قوت کے مظاہرے میں شرکت کے لیے راولپنڈی پہنچ چکی ہے جب کہ بڑی تعداد میں قافلے ابھی راستے میں ہیں۔ حکومت کا دعویٰ ہے کہ پی ٹی آئی کے آزادی مارچ کے سلسلے میں کوئی راستہ بند نہیں کیا گیا، جلسے کے تمام راستے کھلے ہیں۔ دوسری جانب وفاقی دارالحکومت میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں جب کہ ریڈ زون اور حساس علاقوں کو جانے والے راستوں کو گزشتہ روز ہی سیل کرکے سیکورٹی اہل کار تعینات کردیے گئے تھے۔

آج چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے پہنچنے سے قبل پارٹی رہنماؤں نے جلسے کے شرکا سے خطاب کیا۔ اس موقع پر عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ میں آج یہاں عوام کا ایک سمندر دیکھ رہا ہوں جو آپ کو اٹھاکر لے جائے گا۔میں نے 8 ٓٹھ ماہ تک اپنی زبان بند رکھی، فوج بھی میری ہے اور عدلیہ بھی میری ہے۔ مجھے پاک فوج پر فخر ہے۔ انہوں نے وفاقی وزیر داخلہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ رانا ثنا اللہ کہاں ہو سامنے آؤ۔

جلسے میں شریک پی ٹی آئی کارکنوں سے دیگر پارٹی رہنماؤں نے بھی خطاب کیا، جن میں فواد چودھری، یاسمین راشد، زرتاج گل اور دیگر شامل تھے۔ قبل ازیں راولپنڈی کی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے پی ٹی آئی کو 26 نکات پر مشتمل شرائط نامے کے تحت جلسے کی اجازت دی گئی تھی جس کے مطابق پی ٹی آئی کو جلسہ 26 تاریخ رات 12 بجے تک ختم کرکے جلسہ گاہ کو لازمی خالی کرنا ہوگا۔

دوسری جانب چیئرمین پی ٹی آئی کے ہیلی کاپٹر کی لینڈنگ کے لیے پہلے پریڈ گراؤنڈ میں اترنے کی اجازت طلب کی گئی تھی، تاہم نہ ملنے پر عمران خان طیارے کے ذریعے پہلے نور خان ائربیس پہنچے جہاں سے وہ بذریعہ ہیلی کاپٹر بارانی یونیورسٹی میں گئے اور پھر بلٹ پروف کار کے ذریعے جلسہ گاہ پہنچ چکے ہیں۔

قبل ازیں راولپنڈی کی ضلعی انتظامیہ نے پی ٹی آئی قیادت کو تھریٹ الرٹ کے حوالے سے آگاہ کردیا ہے، جس کے تحت پنڈال اور جلسہ گاہ کے اطراف فول پروف سیکورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔ جلسے کی حفاظت کے لیے ہزاروں پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے جبکہ بلند مقامات پر اسنائپرز بھی موجود ہیں۔