شوگر ملز مالکان کی جانب سے کرشنگ شروع نہ کرنے پر وزیر خزانہ نے اجلاس طلب کر لیا

394

اسلام آباد: وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے شوگر ملز مالکان کی جانب سے کرشنگ شروع نہ کرنے پر پیر کو اجلاس طلب کر لیا ہے۔ 

پاکستان شوگر مل ایسوسی ایشن پنجاب کے چیئرمین چوہدری ذکاء اشرف کا کہنا ہے کہ وزیر خزانہ درمیانی راستہ نکالنے کے خواہش مند ہیں، ہمارے ساتھ مسلسل زیادتی کی جا رہی ہے، چند ایک حکومتی شخصیات کی ملیں چلی ہیں باقی بند ہیں۔

ذکاء اشرف نے کہا کہ امید ہے پیر کو تنازعے کا حل نکل آئے گا، چینی کی ایکس ملز قیمت 92 روپے کلو کی یقین دہا نی کرا دی ہے، اس وقت بارہ لاکھ ٹن چینی موجود ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ چینی کی برآمد سے ایک ارب ڈالر زرمبادلہ ملے گا، حکومت انڈسٹری اور کسان دونوں کا مفاد سامنے رکھے تو بہتر ہو گا۔ذرائع شوگر ملز ایسوسی ایشن کے مطابق پنجاب کے بیشتر شوگر ملز مالکان نے کرشنگ شروع نہیں کی، اب تک 45 میں سے صرف 8 ملز نے کرشنگ شروع کی ہے۔ ذرائع نے کہا کہ اگر ملیں چلاتے بھی ہیں تو دو ہفتے بعد بند ہو جائیں گی۔ دوسری جانب وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے پیر کو اس معاملے پر اجلاس بلا لیا ہے۔