پی ٹی آئی لانگ مارچ؛ راولپنڈی کے اسپتالوں میں الرٹ جاری

559

راولپنڈی: تحریک انصاف لانگ مارچ کے تناظر میں ڈپٹی کمشنر نے چاروں اسپتالوں کے لیے ایمرجنسی الرٹ جاری کردیا۔

ذرائع کے مطابق چاروں اسپتالوں میں پہلے سے طے آپریشن مؤخر کردیے گئے ہیں جب کہ تمام سرجن، ڈاکٹر اور دیگر عملہ بھی ڈیوٹی پر موجود رہے گا۔

ڈپٹی کمشنر کے جاری ایمرجنسی الرٹ کے بعد اسپتال انتظامیہ نے فیصلہ کیا ہے  چاروں اسپتالوں کے آپریشن تھیٹر کو ایمرجنسی کے لیے استعمال کیا جائے گا ۔ ایمرجنسی شعبوں میں بیڈز کی گنجائش بڑھا دی گئی  ہے اور ادویات ،ضروری آلات ،بلڈ بینک میں تمام گروپ کا بلڈ  سٹاک کرلیا گیا ہے۔

ڈاکٹرز، نرسنگ اسٹاف اور دیگر معاون عملے کی چھٹیوں پر پابندی عائد  کردی گئی ہے۔ چاروں اسپتالوں میں ایمبولینس سروس دستیاب ہوگی ۔

بینظیر بھٹو جنرل اسپتال کا آفیسر وارڈ خالی کرالیا گیا ہے۔ اسپتالوں میں مسلسل رہنے  والے ڈاکٹرز اور عملے کی عارضی رہائش  کا انتظام چاروں اسپتالوں میں سینٹرل آکسیجن سسٹم  کے مکمل فعال ہونے اور سلنڈرز میں آکسیجن کی موجود گی یقینی بنادی گئی ہے۔

بینظیر بھٹو جنرل اسپتال، ہولی فیملی اسپتال ایمرجنسی الرٹ پر رہیں گے۔ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال، یورالوجی انسٹی ٹیوٹ بھی ایمرجنسی الرٹ پر ہوں گے۔ چاروں ایم ایس کے ساتھ وائس چانسلر کی ایمرجنسی انتظامات پر مشاورت مکمل کر لی گئی ہے ۔