آرمی چیف کی سنیارٹی کے مطابق تقرری کی درخواست خارج

551

لاہور ہائیکورٹ نے آرمی چیف کی سنیارٹی کے مطابق تقرری کے لیے درخواست ناقابل سماعت قرار دیدی۔ ہائیکورٹ میں سنیارٹی کی بنیاد پر آرمی چیف کے تقرر کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ عدالت نے درخواست ناقابل سماعت قرار دیدی۔

جسٹس فیصل زمان نے ریمارکس دیے کہ سنیارٹی والا معاملہ انتہائی اہم ہے، درخواست گزار سپریم کورٹ سے رجوع کرے، سپریم کورٹ کا فل کورٹ آرمی چیف کی سنیارٹی کے مطابق تقرری کے لیے کیس سن سکتا ہے۔

درخواست گزار نے وفاقی حکومت، سنٹرل سیکرٹری لا اور اعتزاز احسن سمیت دیگر کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیار کیا تھا کہ آرمی چیف 29 نومبر کو ریٹائر ہو رہے ہیں، نئے آرمی چیف کی تقرری کا روایتی طریقہ کار غیرقانونی اور غیر آئینی ہے۔

درخواست میں کہا گیا کہ وفاقی حکومت نئے آرمی چیف کی تقرری قانون کے مطابق کرنے کی پابند ہے، وزارت دفاع کی جانب سے تجویز کردہ ناموں میں سے آرمی چیف مقرر کرنے کا اختیار وزیراعظم کو ہے، لاہور ہائیکورٹ سینئر ترین فوجی افسر کونیا آرمی چیف مقرر کرنے کا حکم دے۔