مودی منصوبے کے تحت کشمیریوں کا قتل عام کررہا ہے، شیخ عقیل الرحمان

377
under the plan

مظفرآباد:جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کے قائمقام امیر شیخ عقیل الرحمان ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ پاکستان کی عسکری اور سیاسی قیادت کشمیریوں کے قتل عام پر خاموش بیٹھنے کی بجائے عملی اقدامات کرے،نریندرمودی ایک منصوبے کے تحت کشمیریوں کا قتل عام کررہا ہے۔

شیخ عقیل الرحمان کا کہنا تھا کہ مودی کشمیریوں کی جائیدیں فصلیں اور باغات تباہ کر چکا ہے تا کہ معاشی طور پر کشمیریوں کو مفلوج بنا کر سرنڈر کرنے پر مجبور کیا جاسکے،ہندوستان نے جماعت اسلامی کو ٹارگٹ بنایا ہوا ہے پہلے پوری قیادت گرفتارکی پھر ہزاروں کارکنوں کو پابند سلاسل کیا تمام اثاثے منجمد کیے۔

ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کے زیر اہتمام چلنے والے اسکول اور کالجز کو بند کر کے ہزاروں اساتذہ کو بے روزگار اور لاکھوں طلبہ کو تعلیم سے محروم کردیا گیا اب جماعت اسلامی کی جائیدوں پر قبضہ کیا جارہا ہے جس پر عالمی اور اسلامی برادری کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے ان خیالات کااظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

ان کامزید کہنا تھاکہ پاکستان کی حکومت اور فوج اپنی ذمہ داریاں پوری کرے مودی کے یکطرفہ ظالمانہ اقدامات کے مقابلے میں پاکستان کی طرف سے اقدامات کا فقدان شکوک و شہبات کو جنم دے رہا ہے انہوں نے کہا کہ کشمیریوں پر ظلم کی انتہا کی جارہی ہے اب زیادہ دیر کشمیری خاموش نہیں رہیں گے بلکہ لاکھوں لوگوں کو لے کر منحوس سیز فائر لائن کو پائوں تلے روند کر اپنے بھائیوں کی مدد کریں گے ۔