استنبول: جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا ہے کہ گزشتہ ساڑھے تین برس سے سوا کروڑ کشمیری یرغمال ہیں کشمیریوں کے کاروبار ،فصلیں ،باغات سب کچھ تباہ وبرباد کر دیا گیا ہے۔
ڈاکٹر خالد محمود کا کہنا تھا کہ ترکیہ کی سماجی اور انسانی حقوق کی تنظیم آئی ایچ ایچ کی خدمات قابل تحسین ہیں، انسانی حقوق کے تحفظ کی جدوجہد اور انسانوں کی خدمت انسانیت کی معراج ہے، ترکیہ کے عوام انسان دوست اور دنیا بھر میں مظلوموں کے لیے ریلیف فراہم کر کے انسان دوستی کا عملی ثبوت دے رہے ہیں۔
ان کاکہنا تھا کہ او آئی سی کی زیر نگرانی کام کرنے والی این جی اوز مقبوضہ جموں وکشمیر میں مودی کے مظالم کا شکار بھائیوں کی امداد کے لیے کردار ادا کریں ،ہندوستان گزشتہ 75برس سے کشمیریوں پر مظالم کے پہاڑ توڑ رہا ہے 5اگست2019ء کے بعد مظالم میں اضافہ کر دیا ہے ان خیالات کااظہار انہوں نے ترکیہ کی ہیومن رائٹس اور ریلیف کی سب سے بڑی تنظیم آئی ایچ ایچ کے دفتر کے دورے کے موقع پر نائب صدر برائے امور خارجہ ایمرے کایا سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔