اذلان شاہ انٹرنیشنل ہاکی کپ: کانسی کا تمغہ حاصل کرنیوالی پاکستانی ٹیم وطن واپس پہنچ گئی

712

کراچی: سلطان اذلان شاہ انٹرنیشنل ہاکی کپ میں کانسی کا تمغہ حاصل کرنے والی18 رکنی پاکستان ہاکی ٹیم عمر بھٹہ کی قیادت میں واپس وطن پہنچ گئی۔

کراچی کے جناح انٹرنیشنل ائرپورٹ پرآمد پرقومی ٹیم کے کھلاڑیوں اورآفیشلزکا شانداراستقبال کیا گیا اور پھولوں کے ہار پہنائے گئے ۔ استقبال کرنے والوں میں سیکریٹری جنرل سید حیدرحسین، سابق قومی کپتان اولمپیئن ناصرعلی  اور کے ایچ اے کے ذمہ داران شامل تھے۔ ہاکی کے مداحوں نے قومی ٹیم اور پاکستان کے حق میں نعرے لگائے۔

بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی کپتان عمر بھٹہ نے کہا کہ  یہ فتح پاکستان ہاکی کے لیے اچھی نوید ہے، نئے کھلاڑیوں کو اعتماد ملا ہے، اگر محنت کی اور سہولیات میسر آئیں تو مستقبل میں مزید بہتر نتائج کی توقع کی جاسکتی ہے ۔اسی ماہ جنوبی افریقا میں ہونے والے 8 قومی ہاکی ٹور نامنٹ میں  کارکردگی کی بنیاد پر اولمپک میں شرکت کی راہ ہموار ہوسکتی ہے۔اگر پاکستان نے اس ایونٹ اور پرو ہاکی لیگ میں حصہ نہیں لیا تو پاکستان ہاکی فیڈریشن کی رکنیت معطل ہوسکتی ہے۔پرو ہاکی لیگ میں عدم شر کت پر 15 ہزاریورو جرمانے کا بھی سامنا ہوگا۔

پی ایچ ایف کے سیکریٹری سید حیدر حسن نے  اس موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف سے اپیل کی کہ  پاکستان کی ان دنوں ایونٹس میں شرکت کو یقینی بنایا جائے۔