ملتان: نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ ملک میں ترقی،خوشحالی اور امن کا واحد راستہ پُرامن اسلامی، جمہوری انقلاب ہے۔
جماعت اسلامی پنجاب جنوبی کے قائدین سے انتخابی و سیاسی امور پر مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی اپنے پرچم ، انتخابی نشان اور کرپشن فری اسلامی پاکستان کے منشور کے تحت انتخابات میں جائے گی۔پورے ملک میں امیدواروں کو میدان میں اتارا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ اور سیاسی جماعتوں کی مفادات کے لیے لڑائی کو عوام نے پہچان لیا ہے، ان حکمران جماعتوں کے ہوتے ہوئے بہتری کی توقع نہیں۔
اجلاس میں نائب امیر ڈاکٹر فرید پراچہ، سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف، صدر جے آئی یوتھ زبیر گوندل،سیکرٹری و انتخابی امور بلال قدرت بٹ اور انچارج سوشل میڈیا جماعت اسلامی شمس الدین امجد نے بھی شرکت کی۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ جماعت اسلامی عوامی رابطوں، پائیدار جمہوریت اور صاف اور شفاف الیکشن پر یقین رکھتی ہے۔ ہمیں اقتدار میں آنے کے لیے دوسری جماعتوں کی طرح کسی سہارے کی ضرورت نہیں۔ کارکنان مکمل یکسوئی اور محنت کے ساتھ جماعت اسلامی کا پیغام گھر گھر پہنچائیں۔ حکمران جماعتیں عوام کے سامنے ایکسپوز ہو گئیں ہیں، میڈیا اور سوشل میڈیا نے بھی انھیں بے نقاب کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ واضح ہو گیا ہے کہ حکمران جماعتوں کی پالیسی عوام کی خدمت نہیں بلکہ ذاتی مفادات کا تحفظ ہے۔ جماعت اسلامی ضلع ملتان کو بھرپور محنت کرنا ہو گی۔ نوجوانوں اور خواتین تک اسلامی نظام کا پیغام پہنچایا جائے، پروگراموں کو نچلی سطح پر منعقد کیا جائے۔ قومی و صوبائی اسمبلی کے حلقہ میں ورکرز کنونشن منعقد کیے جائیں۔
ڈاکٹر فرید پراچہ نے کہا کہ جماعت اسلامی کا دامن صاف ہے اور اس وقت جب دوسری تمام سیاسی جماعتیں ڈیلیور کرنے میں ناکام ہو گئیں ہیں تو عوام کے پاس واحد آپشن جماعت اسلامی کی صورت میں بچا ہے۔