خواتین بلدیاتی انتخابات میں دیانتدار امیدواروں کو ووٹ دیں، شیخ عقیل الرحمن

355
representation

مظفرآباد: جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کے قائمقام امیر شیخ عقیل الرحمان ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ خواتین بلدیاتی انتخابات میں باصلاحیت صاحب کردار اور دیانتدار امیدواروں کو ووٹ دیں۔

الخدمت فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام سلائی سینٹر کے افتتاح کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اور اس کے ادارے خواتین کو ہنر مند بنانے کے لیے بھرپور کردار ادا کررہے ہیں،خواتین آبادی کا نصف سے زائد ہیں، قومی ترقی اور خوشحالی میں اپنے دائرے کے اندر ان کا کردار اہم ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی پیلٹ گنوں سے متاثر ہونے والے ہزاروں کشمیریوں میں سے 80فیصد بینائی سے مکمل طور پر محروم ہو چکے ہیں اور انسانی حقوق کے ادارے اس کا سخت نوٹس لیں ۔حکومت پاکستان زبانی جمع خرچ کرنے کے بجائے کشمیریوں کو بچانے اور آزادی دلانے کے لیے عملی کردار ادا کرے ۔

شیخ عقیل الرحمن نے کہا کہ  غریب اور متوسط خواتین کو ہنر مند بنانا وقت اور حالات کا تقاضا ہے۔ ہنر مند خاتون اپنے بچوں کی تعلیم وتربیت کے لیے اہم کردار ادا کرتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ  مہنگائی بے روزگاری نے زندگی اجیرن بنا ئی ہوئی ہے۔ ان حالات میں گھر کے اندر کام کر کے نظام زندگی چلانا ضروری ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں جماعت اسلامی نے امانتدار اور دیانتدار قیادت اتاری ہے عوام ان پر اعتماد کریں۔