مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جنگی جرائم پر عالمی خاموشی لمحہ فکر ہے، ڈاکٹر خالد محمود

338

انقرہ:جماعت اسلامی آزادجموںوکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جنگی جرائم پر عالمی برادری کی خاموشی لمحہ فکر ہے۔

انہوں نے کہا کہ 6نومبر1947ء کو بھارت کی قابض افواج نے 3لاکھ مسلمانوں کوبے دردی سے شہید کر کے انسانی تاریخ کا بدترین المیہ رونما کیا ۔ لاکھوں کشمیریوں کو پاکستان لے جانے کا دھوکا دے کر جموں میں جمع کیا اور بڑا قتل عام کیا۔ نریندرمودی ایک بار پھر 6نومبر کی سیاہ تاریخ دہرانے کی منصوبہ بندی کررہا ہے، عالمی برادری اس کا نوٹس لے ۔

اپنے ایک پیغام میں ڈاکٹر خالد محمود نے کہا کہ کشمیری پوری دنیا میں بھارت کے مکروہ چہرے کو بے نقاب کریں گے ۔ کشمیری آزادی کے لیے پرعزم ہیں۔ بھارت نومبر1947سے لے کر آج تک مسلسل جنگی جرائم کا مرتکب ہورہا ہے اور کشمیریوں کا قتل عام کررہا ہے۔ بھارت کی قابض فوج ریاستی دہشت گردی کے دوران  5لاکھ کشمیریوں کو شہید کرچکی ہے اور شہادتوں کا یہ سلسلہ تاحال جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کے جنگی جرائم پر عالمی برادری کی خاموشی لمحہ فکر ہے۔ بھارت اقوام متحدہ کے چارٹر اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کی سنگین خلاف ورزیاں کرتے ہوئے کشمیریوں کا قتل عام کرنے میں مصروف ہے ۔