جماعت اسلامی نے الیکشن میں نوجوانوں کو نمائندگی دی، شیخ عقیل الرحمان

502
representation

اسلام آباد: جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کے قائمقام امیر شیخ عقیل الرحمان ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی بلدیاتی انتخابات میں بھرپور انداز سے حصہ لے رہی ہے بھرپور کامیابی حاصل کرے گی ،جماعت اسلامی نے بلدیاتی انتخابات میں نوجوانوں کو زیادہ نمائندگی دی ہے۔

شیخ عقیل الرحمان ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ آزادکشمیر کے نوجوان جماعت اسلامی کے دست و بازو بنیں تا کہ آزاد خطے کو اسلامی فلاحی ریاست بنایا جائے، جماعت اسلامی تحریک آزادی کشمیر اور عوامی خدمت کے شاندار ریکارڈ کے ساتھ میدان میں موجود ہے ان خیالات کااظہار انہوں نے امراء اضلاع کے ماہانہ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کیا اس موقع پر سیکرٹری جنرل محمدتنویر انور خان سمیت دیگر قائدین نے گفتگو کی امراء اضلاع نے سابقہ کام کا جائز ہ پیش کیا۔

شیخ عقیل الرحمان ایڈووکیٹ نے کہنا تھاکہ اقتدار میں رہنے والی پارٹیوں نے بلدیاتی انتخابات روکے رکھے اور قوم کو نئی قیادت سے محروم رکھا عوام ایسی پارٹیوں کے امیدواروں کو مسترد کریں اور جماعت اسلامی کے امانتدار،دیانتدار باصلاحیت امیدواران کو منتخب کریں، جماعت اسلامی عوامی مسائل کا ادراک اور حل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی نے تحریک آزادی کشمیر میں گراں قدر خدمات سر انجام دی ہیں جس کا پوری قوم اعتراف کرتی ہے اسی طرح خدمت صحت اور تعلیم کے میدان میں بھی جماعت اسلامی نے بھرپور کردار ادا کیا ہے زلزلہ ہو سیلاب ہو یا کوئی قدرتی آفت پیش آئے جماعت اسلامی کے رضا کار اپنی جانوں کو ہتھیلی پر رکھ کر عوام کی خدمت کو پہنچتے ہیں اب عوام کا امتحان ہے کہ وہ خدمت کرنے والوں کو ووٹ دیتے ہیں یا کرپشن کرنے والوں کو منتخب کرتے ہیں ،انہوں نے کہاکہ عوام درست فیصلہ کرے تا کہ آزاد خطے کی قسمت بدلی جاسکے ۔