سائفر سازش کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن بنایا جائے،اسد عمر

495

فیصل آباد:پاکستان تحریک انصاف کے جنرل سیکرٹری اسد عمر نے کہا  ہے کہ عوام کسی اور کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کی اجازت دینے کو تیار نہیں۔

 اسد عمر نے فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد اس وقت لوہے کا ویئر ہائوس بنا ہوا ہے، 2ہزار لوگوں کا جواب دینے کے لیے امپورٹڈ حکومت کی پریس کانفرنسز ہورہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سائفر سازش کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن بنایا جائے، راناثنا اللہ کی تحقیقات پر کس نے یقین کرنا ہے؟ ۔

اسد عمر نے کہا کہ امید ہے قوم کی آواز سنی جائے گی اور درست فیصلے ہوں گے، طاقت سے دبانے کی کوشش کریں گے تو نفرتیں بڑھیں گی۔

انکا کہنا ہے کہ قوم تیار ہے، فیصل آباد تیار ہے کیا امپورٹڈ حکومت تیارہے؟ عوام کو فیصلہ کرنے دیں، عوام کسی اور کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کی اجازت دینے کو تیار نہیں۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ بھارت سمیت عالمی طاقتیں اس سازش میں شامل ہوئیں، مشرقی پاکستان کی آواز کو دبانے کی کوشش کی گئی، پریس کانفرنس میں کہا گیا تھا نفرتوں سے ملک ٹوٹا تھا۔

اسد عمر نے  کہا کہ راولپنڈی میں10 نومبر کو تاریخی ریلی ہونے جارہی ہے، 11نومبر کو پورے پاکستان نے اسلام آباد آنا ہے، شرکا کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔