نئی دہلی : بھارتی ریاست گجرات میں 140 سالہ قدیم موربی پل گرنے کے واقعے کے بعد 9 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق موربی دریا پر بنا پل گرنے سے اب تک ہلاکتوں کی تعداد 141 ہوگئی ہے اور متعدد افراد اب بھی لاپتا ہیں۔
پولیس کے مطابق واقعے کےبعد 9 مشتبہ افراد کو گرفتار کیاگیا جن کا تعلق گجرات میں واقع الیکٹریکل آلات بنانے والی کمپنی سے ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اس کمپنی نے موربی شہر میں 230 میٹر طویل پل کی دیکھ بھال کی ذمہ داری لی تھی اور اس پل کو مرمت کے بعد پچھلے ہفتے ہی دوبارہ کھولا گیا تھا۔
پولیس کے مطابق گرفتار افراد میں 2 منیجر، 2 ٹکٹ کلرک اور 2 ٹھیکیدار سمیت 3 سکیورٹی گارڈ شامل ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کیلئے خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی ہے اور گرفتار افراد سے مجرمانہ قتل کی دفعات کے تحت انکوائری کی جائے گی۔