اسلام آباد :وزیراعظم شہباز شریف آج کسان پیکج کا اعلان کرینگے جس میں ٹریکٹر کی درآمد اورزرعی مشینری پر خصوصی رعایت ،کھاد کی قیمت میں کمی اور یوریا کی وافر مقدار میں ملک میں دستیابی کےساتھ کسانوں کے لیے گندم کے مفت بیج کی فراہمی کےاقدامات ہونگے۔
کسان پیکج کے حوالے سے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج زراعت کی بحالی، ترقی اور کسانوں کی خوشحالی کے لیے پیکج کا اعلان کرنے جا رہا ہوں،سیلاب متاثرہ علاقوں میں کسانوں اور بے زمین ہاریوں کے لیے بلاسود قرضوں کی فراہمی ،ٹیوب ویلز کو شمسی توانائی سے چلانے کے بڑے پروگرام کا آغاز، بجلی کے بلوں میں اقساط بھی اس پیکج کا حصہ ہونگے۔
وزیراعظم شہبازشریف کی ہدایت پروزارت فوڈ سیکیورٹی اور خزانہ کی مشاورت سے کسان پیکج تیار کیا گیاجس میں سیلاب متاثرہ علاقوں میں زراعت اورکسانوں کےروزگارکی بحالی کےلیے اقدامات کیے گئے ہیں ، زراعت کی ترقی سے ہی ملک غذائی تحفظ سے متعلق درپیش چیلنجز کا مقابلہ کر سکتا ہے۔
دورہ چین کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ میں چین کے دورے پر جارہاہوں ، چینی قیادت سے ملاقات ہوگی، دونوں ملکوں میں دو طرفہ تعلقات بڑھانے کیلئے ان کے ساتھ کام کرنے کا منتظر ہوں ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان چینی کمپنیوں کو ہرشعبوں میں سرمایہ کاری کے پرکشش مواقع فراہم کرتا ہے، پاکستان چین کے ساتھ صنعت ،توانائی سمیت تمام شعبوں میں تعاون کا خواہاں ہے،پاکستان چین کےتجربات سے فائد ہ لینے کا خواہشمند ہے، چین دنیا کی دوسری بڑی معیشت ہے ،ہم موسمیاتی تبدیلی کے خطرات پر اتفاق رائے رکھتے ہیں ۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان چینی سرمایہ کاروں کے لیے ساز گار ماحول پیدا کررہاہے، پاکستان کی معاشی ترقی میں چینی سرمایہ کاروں کا کردار نظر انداز نہیں ہوسکتا،پاکستان میں کام کرنے والے چینی باشندوں اور ان کے منصوبوں کی حفاظت اولین ترجیح ہے،پاکستان ایک مضبوط، پائیدار اور جامع اقتصادی ترقی کی راہ پرگامزن ہے۔
سی پیک کے حوالے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سی پیک منصوبہ لیبر کے لیے موثر ثابت ہوگا، سی پیک سے روزگار میں اضافہ ہوگا ، سی پیک خطے کے تمام ممالک کےلیے گیم چینجر ہوگا ، سی پیک بہترین منصوبہ ہے ،چین کی جانب سے سرما یہ کاری خوش آئندہے، چینی ہم منصب سے سی پیک سمیت تمام ترقیاتی منصوبوں پربات کریں گے ۔
وزیر اعظم نےبرازیل کے نومنتخب صدر ولا ڈی سلوا کو بھی مبارکباد پیش کی ہے۔