رپورٹرز کی حفاظت کے لئے اقدام کرنا ہوں گے، شازیہ مری

544

لاہور:وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ اور پاکستان پیپلز پارٹی کی سینئر رہنما شازیہ مری نے کہا ہے کہ رپورٹرز کی حفاظت کے لئے اقدام کرنا ہوں گے ،صدف کے انتقال پر افسوس ہوا ۔

اچھرہ لاہور میں جاں بحق خاتون صحافی صدف نعیم کی رہائش گاہ پر ان کے اہلخانہ سے تعزیت کے بعد گفتگو کرتے ہوئے شازیہ مری نے کہا کہ صدف کے انتقال پر بہت افسوس ہے، صدف ایک بہت دلیر رپورٹر تھیں۔

انہوں نے کہا کہ خاندان کے پاس اس وقت بات کرنے کی بھی ہمت نہیں، اس پر جتنا بھی افسوس کیا جائے وہ کم ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ آپ رپورٹرز کی محنت کو ہم سلام پیش کرتے ہیں، صحافی دن رات محنت کر کے اپنے کام میں جتے رہتے ہیں۔

شازیہ مری نے کہا کہ ہماری خواہش ہو گی کہ اس طرح کے واقعات نہ ہوں، اسکو صرف حادثہ نہ کہیں اگر اس چیز کو دھارنا ہے تو اس پر کام کرنا ہو گا۔

انکا کہنا ہے کہ رپورٹرز نے دہشت گردی کو بھی فیس کیا، کسی کا خیال نہیں تھا کہ ایسی ریلی میں بھی یہ حادثہ ہو گا، منتظمین کو رپورٹرز کی حفاظت کے لئے اقدام کرنا ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ صدف کے اہلخانہ کی بھی خواہش ہے کہ انکی پرسنل لائف کو ہائی لائیٹ نہ کیا جائے، وہ کمیونٹی کی ایک اچھی رپورٹر تھیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ جب تک تحقیقات نہیں ہوں گی تو پتہ نہیں لگے گا کہ یہ حادثہ تھا یا کسی کی غیر ذمہ داری۔

شازیہ مری نے مزید کہا کہ آج کسی پر ذمہ داری ہو گی تو کل ایسے واقعہ نہیں ہو گا، اگر آج ذمہ داری نہیں ڈالی جائے گی تو ایسے حادثات ہوتے رہیں گے۔