ارشد شریف کی موت سے متعلق حقائق عوام کے سامنے لائیں گے، مریم اورنگزیب

367

اسلام آباد:وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ارشد شریف کی موت سے متعلق حقائق عوام کے سامنے لائیں گے۔

 مریم اورنگزیب نے سینئر صحافی اور اینکر ارشد شریف کی کینیا میں افسوسناک موت پر ارشد شریف کی والدہ اور پاکستان میں کینیا کے سفیر سے ٹیلی فون پر گفتگو کی۔

وزیر اطلاعات نے ارشد شریف کی والدہ سے دلی رنج اور غم کا اظہار کرتے ہوئے انہیں اب تک ہونے والی پیش رفت اور حاصل ہونے والی معلومات سے آگاہ کیا۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ ارشد شریف کی ہلاکت پر بہت دکھ ہے،اہل خانہ کے غم میں شریک ہیں، ارشد شریف کی ہلاکت کی وجوہات کا پتہ چلانے کے لئے کوششیں جاری ہیں۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ کینیا کی حکومت نے باضابطہ سرکاری طور پر ارشد شریف کی ہلاکت کے بارے میں اب تک کچھ نہیں بتایا، جیسے ہی کینیا کی حکومت آفیشلی ہمیں بتائے گی، ہم تفصیلات سے ارشد شریف کے اہل خانہ اور عوام کو آگاہ کریں گے۔

 انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کینیا کی حکومت اور متعلقہ حکام سے رابطے میں ہیں، پاکستانی میڈیا پر ارشد شریف سے متعلق جاری قیاس آرائیاں افسوسناک ہیں، کینیا میں پاکستان کی سفیر پولیس حکام سے رابطے میں ہیں اور آئی جی کے دفتر جا رہی ہیں، پاکستان میں کینیا کے سفیر سے بھی رابطہ ہوا ہے، انہوں نے مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان میں کینیا کے سفیر بھی اپنی حکومت سے معلومات حاصل کرکے ہمیں آگاہ کریں گے، وزارت داخلہ کینیا کی سکیورٹی ایجنسیز سے رابطے میں ہیں، حقائق عوام کے سامنے لائیں گے، مصدقہ حقائق سامنے آنے تک قیاس آرائیوں سے گریز کیا جائے، ارشد شریف کے ساتھ ہونے والے تمام حقائق تک پہنچیں گے۔