بلاول کا عمران خان کو ریٹائرمنٹ اور آخری ایام بنی گالہ میں گزارنے کا مشورہ

564

کراچی: وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو الیکشن کمیشن کی جانب سے نااہل قرار دیے جانے کے بعد مشورہ دیا ہے کہ وہ ریٹائرمنٹ لے کر اپنے آخری دن بنی گالہ میں گزاریں۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ عمران خان کے خلاف اس طرح کے کئی مقدمات ہیں اور ان سب میں انہیں سزا ملنی چاہیے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ توشہ خانہ تو بہت چھوٹا کیس ہے۔ انہیں تو فارن فنڈنگ کیس کے حوالے سے سزا ملنی چاہیے۔ عمران خان اب تک سلیکٹڈ اور لاڈلے تھے، یہ تو ابتدا ہے، ان کے خلاف مزید فیصلے آئیں گے۔عمران خان کہتا تھا کہ وہ چوروں کے ساتھ نہیں بیٹھے گا، آج وہ خود چوری کرتے ہوئے پکڑا گیا ہے۔

ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے پاکستان کا نام نکالے جانے سے متعلق بات کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ فیٹف کے لیے وزرات خارجہ بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔ ہمارا کام جلد ہی پوری دنیا دیکھے گی۔،ہم سب دعاگو ہیں کہ پاکستان جلد تمام مسائل سے نکل جائے۔