وزیراعظم کا فیٹف گرے لسٹ سے پاکستان کا نام نکلنے پر اظہار تشکر

261

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کی گرے لسٹ سے پاکستان کا نام نکلنے پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ تعالی کا شکر ہے کہ پاکستان کو فیٹف کی گرے لسٹ سے نجات ملی۔

قوم کے لیے اچھی خبرآنے پر وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کا سربلند ہونے پر میری گردن اللہ تعالی کے حضور شکر سے جھکی ہوئی ہے ۔ وزیراعظم نے عالمی سطح پر پاکستان کی ساکھ اور وقار کی بحالی پر قوم کو مبارک دیتے ہوئے کہا کہ  دہشت گردی کے خلاف جنگ میں یہ ہماری عظیم قربانیوں کا اعتراف ہے۔ انسداد دہشت گردی کے لیے پاکستان کی کاوشوں کو دنیا نے تسلیم کیاہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ فیٹف میں شامل ممالک کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے پاکستان کے مؤقف کو تسلیم کیا۔ میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری، وزارت خارجہ ، تمام متعلقہ حکام اور وزارتوں کو بھی مبارک پیش کرتا ہوں ۔ انہوں نے افواج پاکستان، ڈی جی ایم او سمیت دیگر تمام ٹیم کو بھی مبارک باد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو اس کامیابی میں کلیدی کردار پر سراہتے ہیں اور مبارک دیتے ہیں۔ حکومت کی اتحادی جماعتوں اور قائدین کا شکریہ ادا کرتاہوں جنہوں نے بھرپور تعاون سے یہ ممکن بنایا۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ فیٹف کی گرے لسٹ سے نجات کے پاکستان کی معیشت، سفارت اور سیاست پر مثبت اثرات ہوں گے ۔ آنے والے وقت میں ملک اور قوم کے لیے اور بھی خوش خبریاں آئیں گی، ان شاءاللہ۔