نوجوانوں کو لیپ ٹاپ نہ دیتے تو کیا بندوق دیتے؟، وزیراعظم

250

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کے دور میں طلبہ کو لیپ ٹاپ دینے کی اسکیم کو رشوت قرار دیا گیا، اگر نوجوانوں کو لیپ ٹاپ نہ دیتے تو کیا بندوق دیتے۔

وفاقی دارالحکومت میں نوجوانوں کی ترقی کے لیے اقدامات کے آغاز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے ذہنوں میں زہر کھولنے کی کوشش کی جارہی ہے جو ناکام ہوگی۔ 4 سال ہم سے ہاتھ نہیں ملایا اور اب کہتے ہیں ہم سے آکر بات کریں۔  وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ معاشرے میں تقسیم پیدا کرنا اور زہر گھولنا افسوسناک ہے۔

شہباز شریف نے چیئرمین پی ٹی آئی کا نام لیے بغیر کہا کہ آپ نے قوم کو تقسیم کردیا جس کا کوئی حد و حساب نہیں ہے، قومیں اس طرح نہیں بنتیں۔  4 سال ہم سے ہاتھ نہیں ملایا اور اب کہتے ہیں ہم سے آکر بات کریں، یہ دوغلا پن کب تک چلے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ کوئی طریقہ نہیں کہ میں ہوں تو سب کچھ ہوں اور میں نے تو کچھ نہیں، اس طرح ملک  نہیں بنتے اور نظام نہیں چلتا۔

وزیراعظم نے کہا کہ آج سب سے بڑا چیلنج نوجوان ہیں جنہیں نفرت نہیں علم کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے دور میں نوجوانوں کے لیے شاندار پروگرام ترتیب دیے گئے۔نواز شریف کی قیادت میں ان کے پروگراموں کی کامیابی سے تکمیل کی گئی۔  انہوں نے کہا کہ یوتھ پروگرام کا اجرا پاکستانی قوم کی بڑی خدمت ہے۔ہنرمند پروگرام کے ذریعے لاکھوں گھرانوں کو روزگار میسر آیا۔