ذاتی نگہداشت کے ایکو سسٹم کو مضبوط بنانے کیلیے چھاتی کے سرطان کی ملک گیر آگہی مہم

245

کراچی: پاکستان میں تولیدی و خاندانی صحت سے متعلق خدمات فراہم کرنے والے نجی شعبے کے بڑے اداروں میں شامل گرین اسٹار سوشل مارکیٹنگ گارنٹی لمیٹڈ ذاتی نگہداشت کے ایکو سسٹم کے فروغ کے لیے اپنی وسیع البنیاد سرگرمیوں کے ذریعے چھاتی کے سرطان کی آگہی اور اس بیماری کی روک تھام اور علاج کے بارے میں معلومات فراہم کرکے پاکستان کی خواتین کو بااختیار بنا رہا ہے۔

عالمی سطح پر اکتوبر کے مہینے کو چھاتی کے سرطان سے آگہی کے مہینے کے طور پر منایا جاتا ہے جس میں خواتین کو ہر ماہ باقاعدگی سے اپنا معائنہ کرانے کی ترغیب دی جاتی ہے کیونکہ ابتدا ہی میں بیماری کی نشاندہی چھاتی کے سرطان کی بروقت تشخیص اور علاج کی بنیاد ہے۔ اس ضمن میں گرین اسٹار کی صرف پانچ منٹ اپنے لیے کے عنوان سے مہم کے ذریعے خواتین میں ذاتی نگہداشت اور اسکریننگ کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔ گرین اسٹار پاکستان بھر کی کمیونٹیز میں نوجوان لڑکیوں اور خواتین کو اپنے ایک لاکھ چالیس ہزار ملک گیر ریٹیل آؤٹ لیٹس، پینتیس ہزار ادویات کے مراکز، چار ہزار پانچ سو کمیونٹی ورکرز اور پانچ ہزار پانچ سو سے زائد حکما اور ہومیو پیتھس کے ذریعے بھرپور طریقے سے آگہی فراہم کررہا ہے۔

اس وسیع مہم کے تحت کالجز اوریونیورسٹیوں کے طلبا، نرسنگ اسکولوں اور فیکٹریوں میں کام کرنے والے خواتین ورکرز، شادی ہالز، بیوٹی پارلرز، دفاتر وغیرہ کا احاطہ کیا گیا۔ اس مہم کے نتیجے میں گرین اسٹار نے ایک لاکھ اٹھارہ ہزار آٹھ سو چونسٹھ خواتین کی اسکریننگ کی۔ گیارہ ہزار دو سو خواتین کو تربیت فراہم کی گئی جب کہ سات ہزار خواتین کو مزید علاج یا ایڈوانس تشخیص کے لیے بھجوایا گیا۔

اس سلسلے میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے گرین اسٹار سوشل میڈیا مارکیٹنگ کے سی ای او ڈاکٹر سید عزیز الرب نے کہا کہ خواتین میں سرطان کیاسکریننگ کے لیے کراچی اور لاہور میں کلینکس کا انعقاد گرین اسٹار کے لیے باعث فخر ہے۔ ہم نے کمیونٹیز میں خواتین کو آگہی فراہم کرتے ہوئےطویل سفر طے کیا ہے تاکہ جلد تشخیص کے ذریعے ان کی جانیں بچائی جا سکیں۔ ہم اپنے نیٹ ورک کے ساتھ وابستگی پرخاتون اول ثمینہ عارف علوی کا تہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں، جن کی وجہ سے یہ پیغام پاکستان کے ہر گھر تک پہنچانے میں مدد ملی ہے۔