بینظیر بھٹو شہید اور ہزاروں جیالوں کے خون سے آج جمہوریت قائم ہے، زرداری

252

کراچی: سابق صدراور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے سانحہ کار ساز کے بہادر شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پی پی نے محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے مشن کی تکمیل کرتے ہوئے 1973 کے آئین کو اصل صورت میں بحال کیا۔

ہیں۔سانحہ کار ساز کے 15 سال مکمل ہونے پر جاری کیے گئے اپنے بیان میں آصف زرداری نے کہا کہ جیالوں نے بم دھماکوں سے بے خوف ہو کر اپنی عظیم بہن اور قائد کی حفاظت کی، آج محترمہ بینظیر بھٹو شہید اور ان کے ہزاروں جیالوں کے خون سے جمہوریت قائم ہے، پیپلز پارٹی عہد کرتی ہے چاہے کچھ بھی ہو جائے جمہوریت پر آنچ آنے نہیں دے گی، 18ویں آئینی ترمیم ملک کی سالمیت اور بقا کی ضمانت ہے۔

انہوں نے کہا کہ سوات میں دوبارہ قومی پرچم سر بلند کیا، صوبوں کو خودمختاری دی، گلگت بلتستان اور کے پی کے عوام کو شناخت دی، غریب اور مستحق خواتین کو بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے ریاست کے ثمرات میں حصہ دار بنایا، ہماری جدوجہد اس روشن صبح کے لیے ہے جب ہر نوجوان بر سر روزگار ہو گا۔

آصف زرداری کا کہنا ہے کہ معاشی اور سماجی طور کمزور طبقات کو معاشی اور سماجی انصاف مہیا ہو گا، آج ملک کا پسماندہ علاقہ تھر کوئلے سے بجلی پیدا کر رہا ہے، تھر ملک کو روشن کرنے میں اپنا حصہ ڈال کر بتا رہا ہے یہ روشنی بھی محترمہ بینظیر بھٹو شہید کا خواب تھا۔