اسلام آباد: وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے کہاہے کہ چھ سیٹیں جیت کر آپ کو اسلام آباد پر یلغار کا لائسنس نہیں مل جاتا، عمران خان نے 8سیٹوں پر الیکشن لڑ کر پی ٹی آئی کی 8سیٹیں کم کر دی ہیں۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ ضمنی انتخابات کا نتیجہ الیکشن کمیشن اور اداروں کی جانبداری کے بیانیے کی موت ہے، عمران خان پارلیمنٹ میں اپنی 2سیٹیں کم ہونے پر جشن منانے کا ڈھونگ کر رہے ہیں، عمران خان کے پاس پارلیمان میں 172کا میجک نمبر موجود نہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی 8میں سے 2مزید سیٹیں ہار کر عمران خان پارلیمنٹ اور حکومت کو ڈکٹیٹ نہیں کرسکتے، سڑکوں پر یلغاراور وفاقی دارالحکومت پر حملہ کرکے حکومت نہیں گرائی جاسکتی، حکومت بدلنے کے لیے 172ارکان کی اکثریت ثابت کرنا ہوگی، 6سیٹیں جیت کر آپ کو اسلام آباد پر یلغار کا لائسنس نہیں مل جاتا۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران خان نے 8سیٹوں پر الیکشن لڑ کر پی ٹی آئی کی 8کم کر دیں ، حکومت کی تبدیلی کا طریقہ اسلام آباد پر جتھوں کے ذریعے یلغار کرنا نہیں، پی ٹی آئی ون مین پارٹی بن چکی ہے جس کے پاس کوئی امیدوار نہیں ہے۔