بائیڈن صاحب،کچھ شرم کیجئے،دنیا کے لئے اصل خطرہ جوہری امریکا ہے، شیریں مزاری

276

اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف کی رہنما شیریں مزاری نے کہا ہے کہ دنیا کے لئے اصل خطرہ جوہری امریکا ہے، بائیڈن صاحب کچھ شرم کیجئے۔

ہفتہ کوپاکستان کے ایٹمی پروگرام سے متعلق امریکی صدر کے بیان پر شیریں مزاری نے کہا کہ جو بائیڈن کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ پاکستانی قوم سے معافی مانگیں، آپ یہ شرانگیز خیالات اس لئے اگل رہے ہیں کہ پاکستان میں حکومت کی تبدیلی کی سازش ناکام ہورہی ہے۔

رہنما پی ٹی آئی نے کہا  کہ دنیا کے لئے اصل خطرہ جوہری امریکا ہے کیونکہ آپ کا اپنے ہتھیاروں پر کنٹرول نہیں۔2007 میں 6 فعال ایٹم بم لاد کر ایک B52 طیارہ اڑان بھرتا ہے جس کی گھنٹوں کوئی خبر نہیں ہوتی۔

شیریں مزاری نے کہا کہ جوہری صلاحیت سے لیس غیر ذمہ دار سپرپاور مداخلت سے حکومتوں کی تبدیلی کارجحان رکھتی اور سمندر کو اپنی فوج سے بھر رہی ہے۔ قیدیوں کے ساتھ وحشیانہ سلوک کی داستانیں گوانتانا موبے، ابوغریب اور بگرام تک پھیلی ہیں۔آپ کے تو شہری تک محفوظ نہیں جنہیں ہر روز کوئی بندوق بردار بھون ڈالتا ہے۔بائیڈن صاحب،کچھ شرم کیجئے!امریکی صدر نے واشنگٹن میں ایک تقریب سے خطاب کے دوران کہا تھا کہ پاکستان سب سے خطرناک ملک میں سے ایک ہے ، جس کا ایٹمی پروگرام غیر منظم ہے۔