ملتان:سابق وزیر خارجہ اور پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ لانگ مارچ کا اعلان کسی بھی وقت ہو سکتا ہے، حکومت کی کانپیں ٹانگ رہی ہیں اور وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے الیکشن کمیشن کو انتخابات ملتوی کرنے کی چٹھی لکھی۔
پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہیلتھ انصاف کارڈ انقلابی اقدام تھا لیکن اس پر بھی سیاست کی گئی اور اسے روکا گیا۔
انہوں نے کہا کہ مریض سیاسی نہیں ہوتا لیکن ذمہ دار افراد نے غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا اور امید ہے ہیلتھ کارڈ پر وفاقی حکومت تنگ نظری کا مظاہرہ نہیں کرے گی۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مریضوں کا سرکاری ہسپتالوں پر بے پناہ پریشر تھا اور ہسپتال نئے تعمیر ہوں گے تودبا ئوکم ہو گا۔ صحت کارڈ سے 10 لاکھ روپے تک علاج کی سہولت مل رہی ہے۔ چھوٹے چھوٹے شہروں میں نئے ہسپتال بنائے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی کانپیں ٹانگ رہی ہیں اور وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے الیکشن کمیشن کو انتخابات ملتوی کرنے کی چٹھی لکھی۔ وفاقی حکومت کو حوصلہ کرنا چاہیے گھبرانا نہیں چاہیے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ حامد زمان کو حکومت نے گرفتار کیا اور ہمارے دیگر کارکنوں کو بھی گرفتار کیا گیا جس کی مذمت کرتے ہیں۔ یوسف رضا گیلانی مگر مچھ کے آنسو بہانے بند کریں وہ حکومت کا حصہ ہیں۔ اسمبلیوں کی مدت ایک سال بڑھانے کی بات ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ کا کسی بھی وقت اعلان ہوسکتا ہے اور لانگ مارچ کی تاریخ کا صرف عمران خان کو پتہ ہے۔ بلاول کے مارچ میں رینٹ پر لوگ آئے تھے اور نواز شریف کو تو بہت پہلے آجانا چاہیے تھا۔