تہران: ایران نے کہاہے کہ جوہری معاہدے کی بحالی کیلئے مذاکرات میں ضمانت کا مسئلہ بہت اہم ہے۔
غیرملکی میڈیاکے مطابق ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے اس بات کی توثیق کی ہے کہ 2015کے جوہری معاہدے کی بحالی پر مذاکرات میں ضمانت کا مسئلہ ایران کے لیے بہت اہم ہے۔
انہوں نے کہاکہ موجودہ صورتحال سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے پیدا کی گئی تھی اور موجودہ امریکی صدر جو بائیڈن نے سابق صدر کی طرح حالیہ مہینوں کے دوران جوہری مذاکرات میں اپنی بالواسطہ شرکت کے دوران ماہانہ بنیادوں پرایک یا دو پابندیاں عائد کی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایک مضبوط اور دیرپا معاہدے تک پہنچنے کے لیے سنجیدہ اور ثابت قدم رہنا بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران جوہری معاہدے کے لئے سنجیدہ ہے لیکن امریکا کے پاس اس جوہری معاہدے کو حقیقت پسندی سے حل کرنے کی جرات نہیں ہے، امریکا کے ساتھ قیدیوں کے تبادلے پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایران کا موقف ہے کہ یہ مسئلہ جوہری معاہدے سے الگ ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب بھی امریکی فریق اپنی تیاری کا اظہار کرے گا ہم قیدیوں کے تبادلے کے لیے تیار ہیں۔