آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان حکومت کو انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے، عمران خان

322
targeted

مظفرآباد: سابق وزیراعظم پاکستان و چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ عنقریب بڑی کال دینے والا ہوں عوام تیاری کر لیں، آزادکشمیر کی عوام کو اپنے بچوں کے مستقبل کی خاطر  میرے ساتھ آنا ہوگا۔

چیف الیکشن کمشنر پر الزام عائد کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ سکندر سلطان راجہ ن لیگ کے ساتھ مل کر میچ فکس کر تے ہیں،اگر سکندر سلطان راجہ میں غیرت ہے تو استعفیٰ دیں، اگر استعفیٰ نہ دیا تو ہم ان کے خلاف قانونی کاروائی کریں گے۔ قوم آپ کو معاف نہیں کرے گی۔ عوام کے مینڈیٹ کی خلاف ورزی نہیں کرنے دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار چیئرمین پی ٹی آئی نے جمعرات کے روز مظفرآباد میں بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ جسلہ عام سے وزیراعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس خان ،پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے بھی خطاب کیا۔ 

عمران خان نے اپنے خطاب کے دوران شہبازشریف اور بلاول بھٹو کو نشانے پر رکھا اور کہا کہ  وزیراعظم شہبازشریف بھکاریوں کی طرح پوری دنیا سے مانگ رہے ہیں مگر بیرون ملک دورے پر مہنگے ترین ہوٹلز میں ٹھرے شہباز شریف تم مجھے نقصان پہنچانا چاہتے تھے لیکن تم نے اپنا ہی بیڑا غرق کر دیا۔آزادکشمیر کی پی ٹی آئی حکومت کو کمزور کرنے کے لیئے وفاقی حکومت نے ایک سو چالیس ارب غصب کر رکھے ہیں، دو سوارب آزاد کشمیر کا حصہ بنتا  ہے مگر صرف ساٹھ ارب دیئے ۔آزاد کشمیر میں ن لیگ کی حکومت تھی مگر بطور وزیراعظم پاکستان میں نے آزاد کشمیر کو وافر فنڈز فراہم کیئے مگر آج  آزادکشمیر اور جی بی حکومت کو انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک طرف ملک سیلاب میں گھرا ہوا ہے اور دوسری جانب وزیراعظم اور وزیرخارجہ دوروں کے دوران عیاشیاں کر رہے ہیں گھر اور فصلیں تباہ ہیں متاثرین سڑکوں پر پڑے ہوئے ہیں مگر بلاول صاحب امریکہ جا کر پتہ نہیں کون سی کہانی سنار رہے ہیں۔ مجھے نقصان پہنچانے کی کوشش کرنے والے خود غرق ہو چکے ہیں۔ ڈونلڈلو کہتا ہے کہ اگر شہباز شریف چیری بلاسم کو لے آئے تو پاکستان کا فائدہ ہوگا، چیری بلاسم کا لفظ میں نے اپنی طرف سے لگایا ہے کیونکہ شہباز شریف جس کے بوٹ دیکھتا ہے پالش کرنا شروع کردیتا ہے۔