روس کے خلاف امریکی پابندیوں کے باعث یورپ کے عوام غریب ہو رہے ہیں،وزیراعظم ہنگری

582

بڈھاپسٹ:ہنگری کے وزیراعظم وکٹر اوربن نے کہا ہے کہ روس کے خلاف امریکی پابندیوں کے باعث یورپ کے عوام غریب ہو رہے ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ہنگری وزیراعظم وکٹر اوربن نے روس کے خلاف پابندیوں پر آواز اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ روس کے خلاف امریکی پابندیوں کی وجہ سے یورپی عوام غریب ہو رہی ہے اور ہر گزرتے دن کے ساتھ یہ غربت بڑھتی جا رہی ہے۔

اوربن نے کہا کہ اس سے قبل کہ بہت دیر ہوجائے یورپی یونین کو روس کے خلاف امریکی پابندیوں کے بارے میں واشنگٹن سے بات چیت کرنی چاہیے، کیونکہ ان پابندیوں کا اثر روس کے بجائے الٹا یورپی ممالک پر پڑ رہا ہے اور یورپی عوام کے معیار زندگی کو پست کرکے ان کی زندگی کو مشکل بنا رہا ہے۔

واضح رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ ہنگری نے اس معاملے پر آواز اٹھائی ہو، روس کے خلاف عائد کی جانے والی پابندیوں کے بعد سے روسی گیس کے متبادل کے فقدان کی بنا پر ہنگری ہمیشہ ان پابندیوں پر تنقید کرتا رہا ہے، اس سے قبل ہنگری کے وزیر خارجہ نے بھی روس کے خلاف عائد پابندیوں کے یورپ پر مرتب ہونے والے منفی اثرات کی باعث ان پابندیوں پر کڑی تنقید کی تھی۔یورپی ممالک میں توانائی کی قلت اور تیل و گیس کی قیمت مسلسل بڑھتی جا رہی ہے جس سے ان ممالک کے عوام پر بھی دبا بڑھتا جا رہا ہے۔