پاکستان میں چینی زبان مقبول ہونے لگی، کئی جامعات میں مراکز قائم

387

اسلام آباد: چینی زبان پاکستان میں تیزی سے مقبول ہونے لگی،متعدد یونیورسٹیوں میں چائنا سٹڈی سنٹرز قائم ،اسلام آباد کی نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز میں کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ سرفہرست،طلبہ میں چینی زبان سیکھنے کا رجحان بڑھنے لگا۔

سی پیک میں چینی ملازمتوں کے مواقع کی وجہ سے طلبا کی تعداد میں اضافہ، پاکستانی یونیورسٹیوں کے چینی جامعات کے ساتھ معاہدے۔ویلتھ پاک کی رپورٹ کے مطابق غیر ملکی زبانوں میں چینی زبان حالیہ برسوں میں پاکستان میں تیزی سے مقبول ہوئی ہے اور زیادہ سے زیادہ لوگ ملک بھر کے مختلف زبانوں کے اداروں میں داخلہ لے رہے ہیں۔

چینی زبان کے کورسز کے لیے بڑھتے ہوئے اندراج کی وجہ پاکستان اور چین کے درمیان دوستانہ تعلقات ہیں اور اب بہت سے پاکستانی کاروبار، روزگار اور تعلیم کے مواقع کے لیے چین کا سفر کرتے ہیں۔

ویلتھ پاک سے گفتگو کرتے ہوئے پشاور یونیورسٹی میں پاکستان سٹڈی سنٹر کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر فخر الاسلام نے کہاکہ پاکستان میں بہت سی یونیورسٹیوں نے چائنا سٹڈی سنٹرز قائم کیے ہیں اور بہت سی مزید چینی زبان سیکھنے کے مراکز چلا رہی ہیں۔

متعدد پاکستانی یونیورسٹیوں نے چینی جامعات کے ساتھ معاہدے اور شراکت داری کی ہے اورپشاور یونیورسٹی نے صوبے میں پہلا چائنا سٹڈی سنٹر قائم کر کے ایک برتری حاصل کر لی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس مرکز کا مقصد چین کے ساتھ تحقیق، سیکھنے، منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے اور لوگوں کے درمیان رابطوں کے ذریعے روابط پیدا کرنا ہے، یہ مرکز پشاور یونیورسٹی کو چین کے علم کا ایک بھرپور ذریعہ بنانا چاہتا ہے۔