بیجنگ: چین کے مشرقی صوبے جیانگ سو کے شہر ووشی کے آثار قدیمہ کے قومی پارک میں آبی گزرگاہوں والے ایک قدیم بڑے شہر کے آثاردریافت ہوئے ہیں۔
ووشی میں ثقافتی آثاراورآثار قدیمہ کے انسٹی ٹیوٹ کے نائب سربراہ لی گوانگری نے بتایا کہ آخیر بہار اور خزاں کے دور (770قبل مسیح سے 476 قبل مسیح)اور متحارب ریاستوں کے ابتدائی دور (475 قبل مسیح سے 221قبل مسیح)کے دوران ووجیابانگ شہر تقریبا 8لاکھ مربع میٹر کے رقبے پر محیط تھا۔
لی نے کہا کہ قدیم شہر دریاوں کی گزرگاہ پر واقع تھا اس لیے اس وقت آبی گزرگاہیں نقل و حمل کا اہم ذریعہ ہو سکتی تھیں۔ لی نے مزید بتایاکہ مٹی کے برتنوں اور قدیم چینی مٹی کے برتنوں کے علاوہ ا س مقام سے 6 میٹر تک گہرے 99 کنویں بھی دریافت ہوئے ہیں، جو اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ قدیم شہر میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد کسی دور میں رہائش پزیر تھی۔
اس مقام پر مزید آثار کی دریافت کے لیے کھدائی جاری ہے۔